اقوام متحدہ میں روس کے خلاف مذمتی قرارداد منظور، یوکرین کے 4 علاقوں پر قبضہ کی 143 ممالک نے کی مخالفت، ہندوستان ووٹنگ سے باز رہا

یوکرین کے 4 علاقوں پر روسی قبضے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد لائی گئی۔ 143 ممالک نے روس کے خلاف مذمتی تحریک کے حق مین ووٹ دیا جبکہ ہندوستان اس ووٹنگ سے دور رہا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) نے بدھ کے روز یوکرین کے 4 علاقوں پر روسی قبضے کی مذمت کی قرارداد منظور کی۔ مجموعی طور پر 143 ممالک نے قرارداد کے حق میں جب کہ 5 نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔ ہندوستان سمیت 35 سے زائد رکن ممالک اس قرارداد سے دور رہے اور ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ یہ قرارداد روس کی جانب سے سلامتی کونسل میں اسی طرح کی ایک قرارداد کو ویٹو کرنے کے چند دن بعد پیش کی گئی، ہندوستان نے اس میں بھی حصہ نہیں لیا تھا۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس کے خلاف مذمتی قرارداد کی منظوری کے بعد ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’143 ریاستوں کا مشکور ہوں جنہوں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی تاریخی قرارداد ’یوکرین کی علاقائی سالمیت: اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کا دفاع‘‘ کی حمایت کی۔‘‘


قبل ازیں، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یوکرین کے 4 علاقوں پر قبضے کے خلاف قرارداد کا مسودہ پیش کیا گیا تھا۔ قرارداد میں روس کی مذمت کے لیے کھلے عام ووٹنگ کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن پوتن اس پر خفیہ رائے شماری چاہتے تھے۔ ہندوستان نے اقوام متحدہ میں اس مطالبے کے خلاف ووٹ دیا۔ اس تجویز کو البانیہ نے پیش کیا تھا۔

البانوی تجویز کے حق میں 107 ووٹ دئے گئے جب کہ 13 ممالک نے اس کی مخالفت کی۔ دوسری جانب چین، ایران اور روس سمیت 24 ممالک نے قرارداد پر ووٹ نہیں دیا۔ ستمبر کے آخری ہفتے میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے میں یوکرین کے چار علاقوں ڈونیٹسک، لوہانسک، کھیرسن اور زاپوریزہیا کے انضمام کا اعلان کیا اور اس حوالہ سے دستاویزات پر دستخط کر دئے۔


روس اور یوکرین کے درمیان رواں ہفتے کریمیا پل کے دھماکے کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے نتیجے میں روس نے اب یوکرین کے خلاف فضائی حملے تیز کر دیے ہیں۔ گزشتہ روز بھی کیف میں میزائل حملے ہوئے اور دن بھر خطرے کے سائرن سنائی دیتے رہے۔ یوکرین کی حکومت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ائیر ریڈ شیلٹر میں پناہ لیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے روس کے جارحانہ اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔