قیادت کی مشعل نوجوانوں کو منتقل کرنے کا وقت آ گیا، امریکی صدر جو بائیڈن کا بیان

امریکی صدر جو بائیڈن نے آئندہ صدارتی انتخابات سے اپنی دست برداری کے اعلان کے بعد امریکی عوام سے پہلی مرتبہ خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا ہے کہ قیادت کی مشعل نوجوانوں کو منتقل کرنے کا وقت آ گیا ہے

<div class="paragraphs"><p>امریکی صدر جو بائیڈن / Getty Images</p></div>

امریکی صدر جو بائیڈن / Getty Images

user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے اپنی دست برداری کے اعلان کے بعد امریکی عوام سے پہلی مرتبہ خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا ہے کہ قیادت کی مشعل نوجوانوں کو منتقل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

اوول آفس سے اپنے ٹیلی ویژن خطاب میں اکیاسی سالہ عمر رسیدہ صدر نے کہا کہ جمہوریت کا دفاع داو پر لگا ہوا ہے، جو کسی بھی عہدے سے زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ آگے بڑھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ مشعل کو نئی نسل کو منتقل کردیا جائے۔ یہی ہماری قوم کو متحد کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔‘‘

تقریباً پچاس سال کا سیاسی سفر طے کر چکے جو بائیڈن نے کہا، ’’میں اس آفس کی تعظیم کرتا ہوں لیکن اس سے زیادہ مجھے میرے ملک سے محبت ہے۔" حالانکہ،" انہیں امریکی عوام کے لیے کام کر کے طاقت اور خوشی ملتی ہے۔‘‘ صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکہ کی سب سے بہترین بات یہی ہے کہ یہاں بادشاہ یا آمر حکمرانی نہیں کررہے ہیں۔ یہاں عوام کی حکمرانی ہے۔


انہوں نے قوم کو خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’تاریخ آپ کے ہاتھ میں ہے۔ طاقت آپ کے ہاتھ میں ہے۔ امریکہ کا آئیڈیا آپ کے ہاتھ میں ہے۔‘‘ صدر جو بائیڈن نے اپنی لائق اور قابل نائب صدر 59 سالہ کملا ہیرس کی تعریف کی، جو ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار نامزد ہونے والی ہیں۔

خیال رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ایک مباحثے میں تباہ کن کارکردگی کے بعد ان پر صدارت کی دوڑ سے الگ ہوجانے کے لیے دباؤ بڑھ گیا تھا۔ ان کی عمر اور ذہنی صحت کے حوالے سے بھی کئی طرح کے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے۔ حالانکہ ایک موقع ایسا بھی آیا تھا جب صدر بائیڈن نے کہا تھا کہ صرف خدا ہی انہیں انتخابی دوڑ سے الگ ہونے کے لیے راضی کر سکتا ہے۔ بہر حال اتوار کے روز انہوں نے امیدواری سے دست بردار ہو جانے کا اعلان کیا۔

خطاب کے دوران جو بائیڈن نے کہا کہ وہ صدارت کی باقی چھ ماہ کی مدت میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ان کی صدارت کی مدت 20 جنوری 2025 مکمل ہو گی۔ جس وقت وہ اپنی مدت صدارت مکمل کر رہے ہوں گے تو وہ امریکہ کی تاریخ کے معمر ترین صدر ہوں گے۔ اس وقت ان کی عمر 82 برس ہو چکی ہو گی۔

دریں اثنا ریپبلیکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بائیڈن کی تقریر پر حسب عادت طنز کرتے ہوئے کہا، "یہ تقریر بہت بری اور بمشکل قابل فہم تھی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔