بنگلہ دیش میں عالمی تبلیغی اجتماع کا انعقاد ملتوی
سکریٹریٹ میں وزیر داخلہ اسد الزماں کے ساتھ تبلیغی جماعت کے دو گروپوں کی میٹنگ میں عالمی اجتماع کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں دو مرحلے میں ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع کا انعقاد امسال عام انتخابات کی وجہ سے مقررہ شیڈول کے مطابق نہيں ہوسکے گا۔
سکریٹریٹ میں جمعرات کو وزیر داخلہ اسد الزماں کے ساتھ تبلیغی جماعت کے دو گروپوں کی میٹنگ میں عالمی اجتماع کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم، عالمی اجتماع کے انعقاد کی نئی تاریخ کے بارے میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گيا ہے۔
بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ میں یو این آئی کے نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کی وجہ سے عالمی اجتماع کے دوران مناسب سکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
الیکشن کمیشن بھی چاہتا ہے کہ عالمی اجتماع کا انعقاد عام انتخابات کے بعد ہو۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی اجتماع کے انعقاد کی نئی تاریخ کا فیصلہ الیکشن ختم ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
عالمی تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کا انعقاد 11 سے 13 جنوری کے درمیان ہونا تھا، جبکہ دوسرے مرحلے کا انعقاد 18 سے 20 جنوری کے درمیان مقرر تھا۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش میں عام انتخابات 30 دسمبر کو منعقد کئے جائيں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔