ترک پارلیمنٹ کے باہر خود کش حملہ، انقرہ میں افرا تفری
ترک حکومت نے تصدیق کی ہے کہ پارلیمنٹ میں ہونے والے اجلاس کے آغاز سے چند گھنٹوں قبل پارلیمنٹ کے نزدیک خود کش حملہ انجام دیا گیا
انقرہ: ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پارلیمنٹ کے نزدیک ایک خودکش حملہ آور نے خود کو بارودی مواد سے اُڑا لیا، جس کے بعد علاقہ گولی باری کی آواز سے گونج اُٹھا۔ رپورٹ کے مطابق ترک حکومت نے تصدیق کی ہے کہ پارلیمنٹ میں ہونے والے اجلاس کے آغاز سے چند گھنٹوں قبل پارلیمنٹ کے نزدیک خود کش حملہ انجام دیا گیا۔
دھماکے کی نوعیت اور مواد سے متعلق متضاد خبریں موصول ہو رہی ہیں جس پر سیکیورٹی فورسز کے حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ دریں اثنا، ترک وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دو دہشت گردوں نے وزارت داخلہ کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی جس میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا، جبکہ دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق دوسرے حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا گیا۔
پارلیمنٹ کے آس پاس سے کئی مشکوک پیکٹ برآمد کئے گئے ہیں، جن میں بارودی مواد بھرا تھا اور دہشت گردوں نے اجلاس سے قبل انھیں دھماکے سے اُڑانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آوروں کو پارلیمنٹ میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
جائے وقوعہ پر ایمبولینسوں کو آتے اور جاتے دیکھا گیا، جبکہ قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زوردار دھماکے کے بعد علاقہ گولیوں کی آواز سے گونج اٹھا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ خودکش حملے کے بعد فائرنگ بھی ہوئی جو مبینہ طور پر خودکش حملہ آور کے ساتھیوں اور پولیس کے درمیان ہو سکتی ہے۔
ابھی کسی شدت پسند تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ترکیہ میں ہونے والے اس نوعیت کے حملوں میں زیادہ تر علیحدگی پسند کرد جماعت ملوث رہی ہے جس کے خلاف ترک فوج شام میں آپریشن چلا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔