اسپین: زچگی کا حوالہ دے کر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، تارکین وطن کا گروپ فرار!
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین میں بارسلونا ایئر پورٹ پر طیارے سے خاتون کو طبی امداد کے لیے اتارے جانے کے دوران 28 افراد اتر کر ایئرپورٹ سے فرار ہو گئے۔
بارسلونا: یورپی ملک اسپین (ہسپانیہ) میں تارکین وطن کے ایک گروپ نے خاتون کی زچگی کا حوالہ دے کر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کروا دی اور طیارے سے اتر کر فرار ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین میں بارسلونا ایئر پورٹ پر طیارے سے خاتون کو طبی امداد کے لیے اتارے جانے کے دوران 28 افراد اتر کر ایئرپورٹ سے فرار ہو گئے۔
میڈیا کے مطابق ہسپانوی حکومت نے بتایا کہ مراکش سے ترکی جانے والے ایک کمرشیل طیارے نے بدھ کے روز علی الصبح بارسلونا کے ایل پراٹ ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی، طیارے سے طبی ایمرجنسی کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم جہاز اترنے کے بعد 28 مسافر نکل کر بھاگ گئے۔
حکومت نے بتایا کہ پولیس نے ابتدائی طور پر 14 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جن میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل تھی، جس کے بارے میں حکام نے بتایا کہ اس نے زچگی کے درد اٹھنے کی اداکاری کی تھی، تاہم جب اسے اسپتال لے جایا گیا تو اسے دردِ زہ نہیں پایا گیا۔
حکام کے مطابق بعد میں دو مزید افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک کو ایئرپورٹ کے اندر سے پکڑا گیا اور دوسرا باہر سے ملا، تاہم مزید 12 افراد کا تاحال پتا نہیں چل سکا ہے۔ حراست میں لیے گئے افراد میں سے 5 کو فوری طور پر ترکی کی پیگاسس ایئر لائن کے ذریعے چلائے جانے والے طیارے میں واپس لے جایا گیا، جب کہ کم از کم 8 دیگر کو مراکش بھیجا جائے گا۔ مذکورہ طیارہ کل 228 مسافروں کو لے کر کاسا بلانکا سے استنبول جا رہا تھا۔
یاد رہے کہ پچھلے سال اکتوبر میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا، جب مسافروں کے ایک گروپ نے اسی طرح کا جھوٹا بہانہ کر کے اسپین کے میلورکا جزیرے پر ہنگامی لینڈنگ کروائی، اور پھر وہ اتر کر بھاگ گئے، ان میں سے 12 کو گرفتار کیا گیا تھا، جب کہ 12 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔