افغانسان میں کارروائی کے لئے روس کی فوجی اڈے دینے کی پیشکش! امریکہ نے جواب نہیں دیا
روسی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ روسی صدر ولادی میر پوتین نے امریکی صدر جو بائیڈن کو پیش کش کی تھی کہ وہ افغانستان میں کارروائیوں کے لیے وسطی ایشیاء میں موجود روسی فوجی اڈے استعمال کریں
ماسکو: روسی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ روسی صدر ولادی میر پوتین نے امریکی صدر جو بائیڈن کو پیش کش کی تھی کہ وہ افغانستان میں کارروائیوں کے لیے وسطی ایشیاء میں موجود روسی فوجی اڈے استعمال کریں۔ اخبار کے مطابق امریکہ نے روسی پیشکش کا کوئی ٹھوس جواب نہیں دیا۔ اڈے دینے کی پیشکش جنیوا میں ملاقات کے دوران دی گئی۔
کومرسنٹ اخبار نے بتایا کہ جنیوا سربراہ اجلاس کے دوران پوتین نے اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن کو افغانستان سے متعلق فوجی اور سیاسی تعاون کو مربوط کرنے کی پیش کش کی۔ روسی اخبار کے مطابق صدر پوتین نے کہا کہ امریکہ روسی اڈوں کے ذریعے اپنے ڈرون کی مدد سے افغانستان کی صورت حال پر نظر رکھ سکتا ہے۔ امریکہ چاہے تو افغانستان کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے تاجکستان اور کرغیزستان میں روسی فوجی اڈوں کو استعمال کر سکتا ہے۔
ایک باخبر ذرائع نے اخبار کو بتایا کہ امریکیوں نے روسی پیش کش پر تاحال کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر واشنگٹن دوسرے کاموں کے حصول کا ارادہ نہ رکھتا ہوتا تو ایسی تجویز کو لامحالہ قبول کر لیتا۔ اخبار نے لکھا ہے کہ افغانستان کے لیے امریکی خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد نے اس موضوع پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ اس پیش کش کی کریملن سے بھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔