ملکہ الزبتھ کی میت شاہی محل ’بکنگھم پلیس‘ پہنچا دی گئی، آخری رسومات پیر کے روز ادا ہوں گی
ملکہ میت کو آج ایک جلوس کے ذریعے بکنگھم پلیس سے ویسٹ منسٹر ایبے لے جایا جائے گا اور جسد خاکی کو بدھ سے چار دنوں کے لئے ویسٹ منسٹر ہال میں رکھا جائے گا، آخری رسومات پیر کے روز ادا کی جائیں گی
لندن: ملکہ الزبتھ دوم کی میت منگل کے روز اسکاٹ لینڈ سے لندن میں واقع شاہی محل (بکنگھم پلیس) پہنچا دی گئی ہے۔ یہاں ملکہ کا جسد خاکی ’بو روم‘ میں رکھا جائے گا، جہاں شاہی خاندان کے لوگ انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔ بدھ کے روز یعنی آج ایک جلوس کے ذریعے میت کو بکنگھم پلیس سے ویسٹ منسٹر ایبے لے جایا جائے گا۔
دراصل، ملکہ کا جسد خاکی بدھ سے چار دنوں کے لئے ویسٹ منسٹر ہال میں رکھا جائے گا اور پیر کے روز ان کی تدفین کی جائے گی۔ میت کا جلوس کوئنز گارڈن، دی مال، ہارس گارڈز ایڈ ہارس گارڈز آرک، وائٹ ہال، پارلیمنٹ اسٹریٹ، پارلیمنٹ اسکوائر اور نیو پلیس یارڈ سے ہوتے ہوئے برطانیہ کی راجدھانی کے کچھ اہم مقامات سے ہو کر گزرے گی۔ ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات 19 ستمبر کو ویسٹ منسٹر ایبے میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ ملکہ الزبتھ کا انتقال گزشتہ جمعرات کو بالمورل کیسل میں 96 سال کی عمر میں ہوا تھا۔ وہ 70 سال تک برطانیہ پر حکومت کرتی رہیں۔ جب ملکہ برطانیہ کی میت کو ایڈنبرا ایئرپورٹ سے لندن کے لیے روانہ کیا گیا تو وہاں قومی ترانہ بجایا گیا۔ ملکہ کی میت کے ساتھ ان کی بیٹی شہزادی اینی بھی موجود تھیں، جو رائل ایئر فورس کے طیارے میں ایڈنبرا سے لندن آئی تھیں۔
جس طیارے سے ملکہ کی میت لائی گئی وہ ماضی میں انسانی امداد کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے۔ جیسے ہی طیارہ مغربی لندن میں فضائیہ کے نارتھ ہالٹ ایئر بیس پر اترا، ملکہ کا جسد خاکی سڑک کے ذریعے وسطی لندن میں بکنگھم پیلس لے جایا گیا۔ شاہ چارلس سوم جو منگل کو شمالی آئرلینڈ کے دورے پر تھے۔ وہ اپنی اہلیہ کیملا کے ہمراہ میت لینے کے لیے پہلے ہی شاہی رہائش گاہ پہنچ چکے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔