ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی، آخری دیدار کے لئے امنڈا جمِ غفیر

ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی، ان کی پسندیدہ قیام گاہ ونڈسر کاسل میں سپرد خاک کرنے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں

ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات / Getty Images
ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات / Getty Images
user

قومی آواز بیورو

لندن: ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔ اس دوران دنیا بھر کے سربراہان مملکت، صدور، وزرائے اعظم اور نمائندگان انہیں خراج عقیدت پیش کرنے لندن پہنچ گئے ہیں۔ ملکہ الزبتھ دوم کے آخری دیدار کے لیے اتوار کو ہی لاکھوں افراد جمع ہو گئے تھے۔ آج یہ ہجوم مزید بڑھ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملکہ کے آخری دیدار کے لئے 8 کلومیٹر سے زائد قطار لگی ہوئی ہے اور ہر گھنٹے تقریباً 4000 لوگ ملکہ کے آخری دیدار کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ ملکہ کی میت اس وقت پارلیمنٹ کے ویسٹ منسٹر ہال میں رکھی گئی ہے۔ آج ان کی میت کو یہاں سے نکال کر آخری رسومات کا عمل شروع کیا جائے گا اور شیڈول کے مطابق انہیں سپردِ خاک کر دیا جائے گا۔


ہندوستانی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے تک لوگ ملکہ کے تابوت پر جا کر ان کو خراج عقیدت پیش کر سکیں گے۔ اس کے بعد ملکہ الزبتھ دوم کا آخری سفر شروع ہوگا۔

ویسٹ منسٹر ایبی کے دروازے 12:30 بجے اہم شخصیات اور دوسرے ممالک کے مہمانوں کے لیے کھولے جائیں گے، تاکہ یہ لوگ ملکہ کو خراج عقیدت پیش کر سکیں۔ ان شخصیات میں برطانیہ کے سینئر سیاستدان، ملکہ الزبتھ دوم کے رشتہ دار، یورپی شاہی خاندان کے ارکان اور مختلف ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم شامل ہوں گے۔ خیال رہے کہ دنیا بھر کی 500 اہم شخصیات کو آخری رسومات میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔

ہندوستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3.14 بجے، ملکہ کے تابوت کو ویسٹ منسٹر ہال سے ایک گن کیریج میں ویسٹ منسٹر ایبی لے جایا جائے گا، جسے 142 بحریہ کے ملاح کھینچیں گے۔ جلوس میں شاہ چارلس اور ان کے بیٹے بھی شرکت کریں گے اور تابوت کے ساتھ چلیں گے۔

ویسٹ منسٹر ایبی میں 3:30 بجے آخری رسومات ادا کرنے کا عمل شروع ہوگا، جس میں تقریباً 2000 لوگ شرکت کریں گے۔ ویسٹ منسٹر ایبی میں ہی ملکہ کی تاج پوشی ہوئی تھی اور شہزادہ فلپ سے ان کی شادی بھی یہیں ہوئی تھی۔ ایسے میں ان کی آخری رسومات کا پہلا عمل بھی یہیں ہوگا۔


آخری رسومات سے قبل تدفین کی تیار شام 4:25 تک مکمل کر لی جائے گی اور 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

شام 4 بج کر 45 منٹ پر ملکہ برطانیہ کا تابوت لندن کی سڑکوں پر نکلے گا، ہر منٹ توپوں کی سلامی دی جائے گی اور ہر منٹ بگ بین کی گھنٹی بجے گی۔

ملکہ کا تابوت شام 5.30 بجے ویلنگٹن آرچ پہنچے گا۔ وہاں سے ملکہ کے تابوت کو رائل فیونرل کار کے ذریعے ونڈسر کاسل لے جایا جائے گا۔

ملکہ کا تابوت شام 7.30 بجے ونڈسر کاسل پہنچے گا۔ وہاں سے ملکہ کے تابوت کو شاہی اعزاز کے ساتھ سینٹ جارج چیپل لے جایا جائے گا۔ ملکہ کا بچپن ونڈسر کاسل میں گزرا ہے اور وہ اکثر یہاں آیا کرتی تھیں۔ انہوں نے کورونا کے دور میں 2 سال یہاں گزارے تھے۔

تابوت 8:30 بجے سینٹ جارج چیپل پہنچے گا۔ یہ چیپل ونڈسر کاسل سے ملحق ہے۔ اس چیپل کو شاہی ناموں، شادیوں اور آخری رسومات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ایک اور چیپل سروس ہوگی، جس کے بعد سب باہر آ جائیں گے۔

12 بجے شاہی خاندان ملکہ کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ دے گا اور ملکہ کو اپنے شوہر شہزادہ فلپ کے عین پاس والی قبر میں دفن کر دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔