سوتے مسافر کو جہاز میں ہی چھوڑا

جب وہ نیند سے جاگی تو چاروں طرف اندھیرا تھا اور اسے سردی محسوس ہو رہی تھی۔ فوراً اسے احساس ہوا کہ وہ جہاز میں تنہا ہے۔ ٹورانٹو کے ہوئی اڈے پر ایئرکینیڈا کا عملہ اس خاتون کو جہاز میں سوتا ہوا چھوڑ گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

ایک مسافر خاتون کو جہاز میں سوتا ہوا چھوڑ نے کے واقعے کے بعد ایئر کینیڈا کو ویسے ہی ہچکولوں کا سامنا ہے جیسے فضا میں خراب موسم کی وجہ سے جہاز ڈگمگاتا ہے۔

کینیڈا کے نشریاتی ادارے ' گلوبل نیوز‘نے لکھا ہے کہ مسافر ٹفینی ایڈمز نے انہیں بتایا کہ وہ ٹورانٹو میں لینڈنگ کے وقت گہری نیند سو رہی تھیں اور جہاز کے عملے کی نظر شاید ان پر نہیں پڑی۔


ایڈمز نے مزید بتایا کہ بہت دیر بعد جب ان کی آنکھ کھلی تو جہاز میں گھپ اندھیرا تھا اور وہاں پر کوئی مسافر موجود نہیں تھا۔ اس موقع پر ان کے موبائل فون کی بیٹری بھی ختم ہو چکی تھی، جس کی وجہ سے وہ کسی کو مدد کے لیے فون بھی نہیں کر سکتی تھیں۔ جہاز کے انجن بند ہونے کی وجہ سے بجلی بھی نہیں تھی اور کوکپٹ سے بھی رابطہ کرنا بھی ممکن نہیں تھا۔ وہ مزید بتاتی ہیں کہ پہلے وہ اسے ایک بھیانک خواب سمجھیں اور پھر انہوں نے خوف و ہراس کی کیفیت سے بچنے کے لیے اپنی سانس پر توجہ مرکوز کی۔

اس دوران انہیں ایک ٹارچ ملا جس کی مدد سے انہوں نے ہنگامی امداد کے لیے اشارے دیے۔ ہوائی اڈوں پر سامان کی منتقلی کے لیے استمال ہونے والی ایک گاڑی کے ڈرائیور نے ٹارچ کی لائٹ کو دیکھا اور انہیں جہاز سے باہر نکالا۔ اس موقع پر حیرانی و پریشانی کے شکار ایئر کینیڈا کے عملے نے خوف و دہشت کی شکار ٹفینی ایڈمز کی دیکھ بھال کی۔


ایئر کینیڈا اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے کہ عملہ کس طرح جہاز میں ایک سوتے ہوئے مسافر کو چھوڑ کر اتر گیا۔ اس فضائی کمپنی نے تاہم اس واقعے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔