آر ایس ایس دہشت گردی کے لیے ذمہ دار اور یوگی اقلیت مخالف: پاکستان

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان کی سب سے بڑی ریاست کے مکھیا یوگی آدتیہ ناتھ کا اہم ایجنڈا ہندوتوا ہے اور وہ اقلیت مخالف ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی میں مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج کی تقریر کے بعد پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خطاب عمل میں آیا۔ اس دوران انھوں نے دہشت گردی کے لیے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ یعنی آر ایس ایس کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انھوں نے کہا کہ آر ایس ایس فاشزم کا مرکز ہے۔ اقوام متحدہ کے اسٹیج سے پاکستان کے وزیر خارجہ نے آر ایس ایس کے علاوہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی کٹہرے میں کھڑا کیا۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کی سب سے بڑی ریاست کے مکھیا یوگی آدتیہ ناتھ کا اہم ایجنڈا ہندوتوا ہے اور وہ اقلیت مخالف ہیں۔

اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے ہفتہ کو ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع بھی دی تھی کہ مسلم دنیا کی اجتماعی آواز او آئی سی (اسلامک تعاون تنظیم) نے نفرت کی وجہ سے مسلمانوں کے خلاف ہو رہے جرائم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسلام، مسلم معزز شخصیات اور اسلامی علامتوں کی دفاع میں ایک قرار داد منظور کیا ہے۔ دراصل نیو یارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے الگ آئی او سی کے اجلاس میں پاکستان اور ترکی نے اس سلسلہ میں قرارداد پیش کیا تھا جسے منظور کر لیا گیا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نفرت انگیز ان مہمات کے تیز ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا جس میں قصداً مسلمانوں اور اسلامی مذہبی علامتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Sep 2018, 7:07 PM