سری لنکا میں 2024 کے دوران ڈینگی کے 38000 سے زائد کیسز سامنے آئے، 17 اموات
سری لنکا کے نیشنل ڈینگی کنٹرول یونٹ کے اعداد و شمار کے مطابق یہ کیسز یکم جنوری سے 17 ستمبر 2024 تک رپورٹ ہوئے۔ مرنے والوں کی شرح 0.04 فیصد رہی ہے
کولمبو: سری لنکا میں رواں سال 2024 میں ڈینگی بخار کے 38000 سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں، جبکہ 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ سری لنکا کے نیشنل ڈینگی کنٹرول یونٹ کے اعداد و شمار کے مطابق یہ کیسز یکم جنوری سے 17 ستمبر 2024 تک رپورٹ ہوئے۔ مرنے والوں کی شرح 0.04 فیصد رہی ہے۔
ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے میں 16000 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جو کل تعداد کا تقریباً 42 فیصد بنتے ہیں۔ دیگر زیادہ متاثرہ علاقوں میں شمالی صوبہ شامل ہے، جہاں 4744 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پچھلے سال 2023 میں سری لنکا میں ڈینگی کے 88000 سے زائد کیسز سامنے آئے تھے اور 57 افراد کی موت ہوئی تھی۔
ڈینگی کنٹرول یونٹ نے ملک بھر میں 10 ہائی رسک علاقوں کی نشاندہی کی ہے، جہاں خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں حکومت کی طرف سے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جیسے مچھروں کے افزائش کے مقامات کی صفائی، حفاظتی مہمات اور مچھر مار ادویات کا چھڑکاؤ۔
ماہرین صحت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیا ہے، جن میں کھلی جگہوں پر پانی جمع نہ ہونے دینا، مچھر دانی کا استعمال، اور حفاظتی ادویات کا استعمال شامل ہے۔ نیشنل ڈینگی کنٹرول یونٹ مسلسل لوگوں کو آگاہ کر رہا ہے کہ وہ بخار، سر درد، اور جسم درد کی صورت میں فوری طبی معائنہ کروائیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔