اومیکرون بحران: کرسمس کے موقع پر دنیا بھر میں 2600 پروازیں منسوخ

ہلاکت خیز کووڈ-19 کی نئی قسم اومیکرون کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کرسمس کے دن دنیا بھر میں 2600 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ہلاکت خیز کووڈ-19 کی نئی قسم اومیکرون کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کرسمس کے دن دنیا بھر میں 2600 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ یہ معلومات فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ’ فلائٹ اوار‘ کی طرف سے شائع کردہ ڈیٹا میں دی گئی ہے۔ ان میں سے 231 پروازیں امریکہ سے ہیں۔ چائنا ایسٹرن ایئر لائنز نے دنیا میں سب سے زیادہ پروازیں منسوخ کیں۔ اس کے بعد ڈیلٹا، ایئر چائنا اور یونائیٹڈ ایئر لائنز ہیں۔

بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق، کئی ممالک میں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ سخت حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ فضائی کمپنیوں نے پروازوں کی منسوخی کی وجہ صحت مند فضائی عملے کی قلت کو بتایا ہے۔ اس سے قبل سنیچر کو تقریباً 2300 پروازیں جبکہ جمعہ کو 2400 پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔ سنیچر کو امریکی ہوائی اڈوں سے آٹھ سو سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔


اٹلی، سپین اور یونان نے ایک مرتبہ پھر گھر سے باہر ماسک پہننا لازم قرار دے دیا ہے۔ دوسری جانب سپین کے شمالی خطے کاتالونیہ نے رات کے وقت کرفیو نافذ کر دیا ہے جبکہ نیدرلینڈز پہلے ہی کڑے لاک ڈاؤن کی زد میں ہے۔ بھلے ہی ابتدائی تجزیوں سے اندازہ ہو رہا ہے کہ اومیکرون کووڈ کی دوسری اقسام کے مقابلے میں تشویش ناک حد تک بیمار نہیں کر رہا ہے تاہم سائنسدانوں کو اس کے پھیلنے کی رفتار ضرور تشویش میں مبتلا کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔