سعودی عرب پر ڈرون حملوں کے بعد تیل کی عالمی قیمت میں اضافہ
سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیوں میں اضافہ کا جو خدشہ تھا وہ سامنے آ گیا ہے
ہفتہ کے روز سعودی عرب کی اہم تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملوں کے بعد جہاں خلیج میں حالات کشیدہ ہو گئے ہیں وہیں تیل کی عالمی منڈی پر بھی برا اثر پڑا ہے ۔ ان حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور تیل کی عالمی رسد میں فوری طور پر پانچ فیصد کی کمی آ گئی ہے۔
عالمی منڈی میں ٹریڈنگ کے آغاز پر ہی خام تیل کے بیرل کی قیمت میں 19 فیصد اضافہ ہوا اور وہ 71.95 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی تھی۔ اس کے علاوہ تیل کی قیمت کا دوسرا اہم پیمانہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں 15 فیصد اضافہ ہوا اور وہ 63.34 ڈالر تک پہنچ گئی۔جبکہ امریکہ نے اس تیزی کو روکنے کے لئے فوری طور پر اقدام اٹھائے اور امریکی صدر کی جانب سے امریکی ذخائر ریلیز کرنے پر قیمت میں تھوڑی کمی آئی۔
واضح رہے ان حملوں میں ان تنصیبات کو کافی نقصان ہوا ہے اور ان تنصیبات کے مکمل طور پر واپس آپریشنل ہونے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔سعودی کمپنی آرامکو کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں پیداوار میں 5.7 ملین بیرل روزانہ کی کمی دیکھی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعات ایک ایسے وقت پیش آ رہے ہیں جب آرامکو خود کو اسٹاک مارکیٹ میں متعارف کروانے والی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ یہ دنیا کی سب سے بڑی لسٹنگ ہوگی۔ان حملو ں میں آرامکو کے تیل کے دنیا کے سب سے بڑے پراسیسنگ پلانٹ پر آ گ لگی ہے جس کو ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے ۔
حملوں کے بعد امریکی حکام نے ایران کو ان کا ذمہ دار ٹھہرایا تاہم ایران کے وزیرِ خارجہ جواد ظریف نے امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کے اس الزام کو 'صریحاً دھوکے بازی' قرار دیا ہے۔ واضح رہے یہ حملہ حوثی باغیوں نے کئے ہیں اور ان باغیوں کو ایرانی حمایت حاصل ہے ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔