شمالی کوریا نے کی آئین میں ترمیم، پہلی مرتبہ جنوبی کوریا کو 'دشمن ملک' کے طور پر پیش کیا
حال ہی میں شمالی کوریا نے ان سڑکوں اور ریل رابطہ سہولیات کو منہدم کر دیا تھا جو اب استعمال میں نہیں ہیں اور جو کبھی شمالی کوریا کو جنوبی کوریا میں جوڑتی تھیں۔
شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان طویل عرصے سے کشیدگی چلی آ رہی ہے جس سے دونوں ممالک میں ہمیشہ ٹکراؤ کی حالت بنی رہتی ہے۔ اس درمیان شمالی کوریا نے ایک ایسا قدم اٹھایا ہے جو اس دشمنی کی آگ کو مزید بھڑکا دے گی۔ دراصل شمالی کوریا نے حال میں اپنے ترمیم کیے گئے آئین میں پہلی مرتبہ جنوبی کوریا کو 'دشمن ملک' قرار دے دیا ہے۔
شمالی کوریا کی پارلیمنٹ نے ملک کے آئین میں تبدیلی کرنے کے لیے گزشتہ ہفتہ دو دنوں تک میٹنگ کی تھی لیکن سرکاری میڈیا نے اس میٹنگ کے سلسلے میں فوری طور پر زیادہ تفصیل دستیاب نہیں کرائی تھی۔
شمالی کوریا کے سپریم لیڈر اور تانا شاہ کہے جانے والے کم جونگ اُن نے جنوری میں جنوبی کوریا کو ملک کا سب سے بڑا دشمن اعلان کرنے، پُرامن کوریائی انضمام کے ہدف کو ختم کرنے اور شمالی کوریا کی خودمختاری اور علاقے کی وضاحت کرنے کے لیے آئین میں ترمیم کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس کا نتیجہ اب سامنے آیا ہے۔
حال ہی میں شمالی کوریا نے ان سڑکوں اور ریل رابطہ سہولیات کو منہدم کر دیا تھا جو اب استعمال میں نہیں ہیں اور جو کبھی شمالی کوریا کو جنوبی کوریا میں جوڑتی تھیں۔ کورین سنٹرل نیوز ایجنسی نے انہیں منہدم کیے جانے کے تعلق سے جمعرات کو کہا کہ آئین جنوبی کوریا کو ایک 'دشمن ملک' کے طور پر وضاحت کرتا ہے۔ حالانکہ کے سی این اے نے آئینی ترمیم کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی فوج میں 14 لاکھ نئے لوگوں کو بھرتی کر رہا ہے۔ اس کے لیے اس نے ملک کے نوجوانوں کو فوج میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔ شمالی کوریا کے پاس 12.8 لاکھ فعال فوجی ہیں جبکہ 6 لاکھ ریزرو میں ہیں۔ اس کے علاوہ 57 لاکھ ورکر اور کسان گارڈ بھی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔