نیوزی لینڈ: پارلیمنٹ میں دیکھنے کو ملا دِلچسپ نظارہ، اسپیکر نے نوزائیدہ کو پلایا دودھ
نیوزی لینڈ پارلیمنٹ کے اسپیکر ملارڈ نے اپنے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’عموماً اسپیکر کی کرسی پر کوئی پریزائڈنگ افسر بیٹھتا ہے، لیکن آج اس کرسی پر میرے ساتھ ایک وی آئی پی بیٹھا۔‘‘
21 اگست کو نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں ایک انتہائی دلچسپ نظارہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب اسپیکر ٹریور ملارڈ نے پارلیمنٹ میں اپنی کرسی پر بیٹھ کر ایک نوزائیدہ بچے کو دودھ پلایا۔ یہ نوزائیدہ بچہ کسی اور کا نہیں بلکہ نیوزی لینڈ کے رکن پارلیمنٹ ٹماتی کافے کا تھا جسے اسپیکر اپنی گود میں سلائے ہوئے نظر آئے۔ قابل ذکر یہ بھی ہے کہ ایک طرف تو اسپیکر ٹماتی کے بیٹے کو دودھ پلا رہے تھے اور دوسری طرف ٹماتی خود پارلیمانی بحث میں حصہ لے رہے تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بچے کو دودھ پلاتے ہوئے تصویر اسپیکر ٹریور ملارڈ نے خود اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر بھی کیا ہے۔ انھوں نے تصویر کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’عام طور پر اسپیکر کی کرسی پر کوئی پریزائڈنگ افسر ہی بیٹھ سکتا ہے، لیکن آج اس کرسی پر میرے ساتھ ایک وی آئی پی بیٹھا۔‘‘ ان کا اشارہ بچے کی طرف تھا۔ ٹریور ملارڈ نے مزید لکھا کہ ’’میں ٹماتی کافے اور ٹِم کو گھر کے اس رکن کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ رکن پارلیمنٹ ٹماتی کافے اپنے بچے کی پیدائش کے بعد پیٹرنٹی لیو (باپ بننے کے بعد ملنے والی چھٹی) پر تھے اور 21 اگست کو پہلی بار اپنے بچے کے ساتھ پارلیمنٹ میں حاضر ہوئے تھے۔ اسی موقع پر اسپیکر نے ان کے بچے کو خود اپنی گود میں لیا اور اسے دودھ بھی پلایا۔ یہ تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے اور 5 ہزار سے زیادہ لوگ اسے لائک بھی کر چکے ہیں۔ کئی لوگوں نے اس تصویر پر تعریفی کمنٹ بھی کیے ہیں۔ کچھ لوگ اس تصویر کو پہلی بار پارلیمنٹ میں ہوئی اچھی ’چیز‘ قرار دے رہے ہیں تو کوئی لکھ رہا ہے کہ ’’والد بھی کام کے ساتھ بچوں کا خیال رکھ سکتے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Aug 2019, 9:10 PM