امریکی سینیٹ کے نئے اراکین نے حلف لیا
کانگریس کے ایوان زیریں ہاؤس آف ری پریزینٹیٹیو میں ڈیموکریٹک پارٹی کے 222 ارکان ہیں جبکہ ریپبلکن پارٹی کے 211 ارکان ہیں۔ ہاؤس کی اسپیکر نینسی پلوسی دو سالہ مدت کار کے لئے دوبارہ منتخب کی گئی ہیں۔
واشنگٹن: امریکی کانگریس کے ایوان بالا سینیٹ کے لئے منتخب ہوئے نئے اراکین کو گزشتہ روز اتوار کو کیپیٹل ہل میں حلف دلایا گیا، امریکہ میں 117 ویں کانگریس کی تشکیل دی جا رہی ہے، جس کے پیش نظر ایوان نمائندگان اور سینیٹ کے سیشن منعقد کیے گئے۔ کانگریس کے ایوان زیریں ہاؤس آف ری پریزینٹیٹیو میں ڈیموکریٹک پارٹی کے 222 ارکان ہیں جبکہ ریپبلکن پارٹی کے 211 ارکان ہیں۔ ہاؤس کی اسپیکر نینسی پلوسی دو سالہ مدت کار کے لئے دوبارہ منتخب کی گئی ہیں۔
اس دوران سینیٹ کے ریپبلکن پارٹی کے 11 اراکین صدارتی انتخابات کے الیکٹورل کالج کے فیصلے کو چیلنج کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ نومنتخب صدر جو بائیڈن کی انتخابات میں فتح کی تصدیق کرنے کے لئے 6 جنوری کو کانگریس کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا، جس میں یہ تمام 11 اراکین اپنے مطالبات پیش کریں گے۔
مشترکہ اجلاس میں الیکٹورل کالج ووٹوں کی تصدیق کی جائے گی، نائب صدر مائک پینس اس اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس میں ہر صوبے کے الیکٹورل کالج کے ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ صدارتی انتخابات کے 14 دسمبر کو جاری کردہ سرکاری نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن کو 306 الیکٹورل ووٹ ملے ہیں، جبکہ ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 232 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ انتخابات میں شکست قبول کرنے سے انکار کرتے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جو بائیڈن 20 جنوری کو صدر کے عہدے کا حلف لیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔