امریکی کانگریس میں نیتن یاہو کی تقریر جھوٹ کا پلندہ تھی: حماس

امریکی کانگریس سے اسرائیلی وزیر اعظم کے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے حماس کے رہنما سامی ابو زہری نے کہا کہ اس خطاب سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ فائر بندی کے سمجھوتے تک پہنچنا ہی نہیں چاہتے

<div class="paragraphs"><p>امریکی کانگریس میں خطاب کرتے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو / Getty Images</p></div>

امریکی کانگریس میں خطاب کرتے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو / Getty Images

user

قومی آوازبیورو

فلسطینی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو غزہ میں فائر بندی کا سمجھوتہ نہیں چاہتے ہیں۔ امریکی کانگریس سے اسرائیلی وزیر اعظم کے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے حماس کے رہنما سامی ابو زہری نے کہا کہ اس خطاب سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ فائر بندی کے سمجھوتے تک پہنچنا ہی نہیں چاہتے ہیں۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ابو زہری کا مزید کہنا تھا کہ نیتن یاہو کا خطاب جھوٹ کا پلندا تھا، وہ فلسطینی مزاحمت کا سامنا کرنے میں ناکامی یا غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی جانب سے نسل کشی کے جنگی جرائم پر ہر گز پردہ نہیں ڈال سکتے۔

ادھر فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نے نیتن یاہو کے خطاب کے جواب میں کہا ہے کہ "ہمارا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے واحد حل ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے جس کا دار الحکومت مشرقی بیت المقدس ہو"۔ مزید یہ کہ "فلسطینی قوم اور اس کی قانونی اور واحد نمائندہ پی ایل او تنظیم صرف یہ فیصلہ کریں گے کہ ان پر کون حکومت کرے گا"۔

اسی طرح فتح تحریک کی انقلابی کونسل کے رکن محمد اللحام العربیہ / الحدث نیوز چینلوں سے گفتگو میں کہا کہ کچھ ہوا وہ نیتن یاہو کی قیادت میں ایک تماشا ہے۔


اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے بدھ کے روز امریکی کانگریس کے سامنے ایک تاریخی خطاب میں کہا کہ تل ابیب غزہ کی پٹی کے باشندوں کو بے گھر کرنے کی کوشش نہیں کر رہا۔ اگر حماس ہتھیار ڈال دے تو غزہ کی جنگ ختم ہو جائے گی۔ نیتن یاہو نے واضح کیا کہ وہ دورہ امریکہ کے دوران میں اپنی فوجی کارروائیوں کے لیے واشنگٹن کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے مطابق غزہ میں بھوک کی وجہ حماس کا انسانی امداد چوری کر لینا ہے۔ انھوں نے کہا کہ "ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں کہ غزہ کو ایک فلسطینی شہری انتظامیہ چلائے"۔ نیتن یاہو کے مطابق اسرائیل کو غزہ پر سیکورٹی کنٹرول برقرار رکھنا چاہیے۔

نیتن یاہو کا امریکی کانگریس سے یہ چوتھا خطاب تھا۔ یہ ایک غیر ملکی سربراہ کی نسبت سے ریکارڈ تعداد ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کا حالیہ دورہ ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب بعض امریکی قانون سازوں نے غزہ میں جنگ کے انتظامی امور کے حوالے سے احتجاج اور ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔