میرے والد کی شہادت امریکہ کے لئے ’یوم سیاہ‘ لے کر آئے گی، قاسم سلیمانی کی بیٹی
بغداد میں امریکی حملے کے نتیجہ میں جان بحق ہونے والے ایرانی جرنیل قاسم سلیمانی کی نمازِ جنازہ دارالحکومت تہران میں ادا کر دی گئی ہے جس میں ایک بہت بڑے مجمع نے شرکت کی
بغداد میں امریکی حملے کے نتیجہ میں جان بحق ہونے والے ایرانی جرنیل قاسم سلیمانی کی نمازِ جنازہ دارالحکومت تہران میں ادا کر دی گئی ہے جس میں ایک بہت بڑے مجمع نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ پیر کے روز ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای نے پڑھائی اور اس میں صدر حسن روحانی، چیف جسٹس ابراہیم رئیسی، پارلیمان کے سپیکر علی لاریجانی، قدس فورس کے نئے کمانڈر اسماعیل قانی سمیت اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ دریں اثنا، میجر جنرل قاسم سلیمانی کے علاوہ ابو مہدی مہندس اور ان کے دیگر ساتھیوں کی نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔
قاسم سلیمانی کے جسد خاکی کو بعد از ظہر قم بھی لے جائے گا اور اس کے بعد کل منگل کے دن ان کے آبائی وطن کرمان شاہ میں انہیں سپرد خاک کر دیا جائے گا۔
جنرل سلیمانی کو جمعے کی صبح بغداد کے ہوائی اڈے کے باہر ایک ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس واقعے میں ان کے ساتھ موجود ایران نواز عراقی ملیشیا کتائب حزب اللہ کے کمانڈر ابومہدی مہندس سمیت پانچ افراد مارے گئے تھے۔
دریں اثنا، قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی نے کہا کہ ان کی شہادت امریکہ کے لئے ’یوم سیاہ‘ کر آئے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر جمعہ کے روز اعلی ایرانی جنرل کے قتل کے بعد زینب کا کہنا تھا کہ ’’پاگل ٹرمپ اس گمان میں نہ رہے کہ میرے والد کی شہادت سے سب کچھ ختم ہو گیا ہے۔‘‘
قبل ازیں، کمانڈر میجر جنرل سلیمانی کا جسد خادی تہران پہنچا جہاں انہیں الوداع کرنے کے لئے لاکھوں افراد حاضر ہوئے۔ اس موقع پر ایران کے اعلی سول اور فوجی حکام بھی موجود رہے جبکہ فلسطینی تنظیم حماس کے سابق وزیر اعظم اور خارجہ پالیسی کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی تہران کے اجتماع سے خطاب کیا۔
تہران یوینورسٹی کی اطراف کی تمام سڑکیں قاسم سلیمانی کے جنازہ میں موجود لوگوں سے پُر ہو گئیں۔ لوگ کفن پہن کر جنازہ میں شریک ہوئے۔ اس سے قبل عراق کے شہروں بغداد، کاظمین، کربلا،اور نجف اشرف میں قاسم سلیمانی اور ابو ہمدی مہندس کے جنازہ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ اتوار کی صبح اہواز کے عوام نے قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 06 Jan 2020, 4:30 PM