بنگلہ دیش: بدعنوانی کی پاداش میں حکمراں عوامی لیگ کا ایک اور رہنما گرفتار
وزیراعظم حسینہ واجد کی جانب سے بدعنوانی کے خلاف شروع کی گئی مہم کے تحت حکمراں جماعت کے اہم رہنما کو انڈر ورلڈ سے مبینہ تعلقات کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا
ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں حکومت پر بدعنوانی کے الزامات لگنے کے بعد وزیراعظم حسینہ واجد کی جانب سے بدعنوانی کے خلاف شروع کی گئی مہم کے تحت حکمراں جماعت کے اہم رہنما کو انڈر ورلڈ سے مبینہ تعلقات کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیشی وزیراعظم نے گزشتہ ماہ کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تھا اور اسے فوج کی جانب سے جنوری 2007 میں کی گئی بغاوت جیسے اقدام کو روکنے کے لئے ضروری قرار دیا تھا۔
ایلیٹ فورس کے مطابق حسینہ واجد کی سیاسی پارٹی عوامی لیگ کے یوتھ ونگ کے ہائی پروفائل سربراہ اسمٰعیل حسین سمراٹ کو ان کے ساتھی کے ہمراہ گرفتار کیا گیا۔ ریپڈ ایکشن بٹالین (آر اے بی) کے ترجمان میزان الرحمٰن بھوئیاں نے بتایا کہ’’اسمٰعیل سمراٹ کو ٹھوس الزامات پر گرفتار کیا گیا‘‘، تاہم انہوں نے الزام کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
اس سلسلہ میں آر اے بی کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’’وہ ڈھاکہ میں جوا خانے اور اسپورٹس کلب چلانے سے منسلک تھے‘‘۔ مقامی میڈیا کے مطابق اسمٰعیل سمراٹ مبینہ طور پر انڈرورلڈ کے سربراہ ہیں جنہوں نے غیر قانونی جوا خانوں کے نیٹ ورک اور بھتہ خوری کی کارروائیوں کے لیے سیاسی اثر رسوخ کا استعمال کیا۔
خیال رہے کہ بدعنوانی کے خلاف شروع کی گئی مہم میں اب تک 260 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جس میں حکمراں پارٹی کے 3 عہدیدار بھی شامل ہیں لیکن اسمٰعیل سمراٹ سب سے سینئر سیاستدان ہیں۔ مذکورہ مہم کے تحت سیکورٹی فورسز بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں تقریباً ایک درجن غیر قانونی جوا خانوں کو سیل کرچکی ہیں۔
خیال رہے کہ مسلم اکثریت والے ملک میں جوا غیر قانونی ہے لیکن گینگسٹرز نے مبینہ طور پر کچھ مشہور و معروف اسپورٹس کلبس میں کسینو کے آلات مثلاً گیمنگ ٹیبلز متعارف کروائے تھے۔ حکمراں پارٹی کے مذکورہ رہنما کی گرفتاری کے بعد انہیں فوری طور پر غیر سماجی سرگرمیوں اور پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں عوامی لیگ سے نکال دیا گیا ہے۔
قبل ازیں حکومت نے گزشتہ ماہ ان پر سفری پابندی بھی عائد کردی تھی۔ علاوہ ازیں بنگلہ دیش کی وزیراعظم نے ایک سرکاری یونیورسٹی سے بھتہ لینے کے الزام میں گزشتہ ماہ ہی پارٹی کے اسٹوڈنٹس ونگ کے 2 سینئر اراکین کو برطرف کر دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Oct 2019, 11:56 AM