پہلی بار ایچ 10 این 3 برڈ فلو کی زد میں آیا انسان، چینی ہیلتھ کمیشن کی تصدیق
چینی ہیلتھ کمیشن نے ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ 23 اپریل کو ایک 41 سالہ شخص میں علامات پائی گئی تھیں اور اس کی حالت خراب ہونے کے بعد اسے 28 اپریل کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
بیجنگ: چین کے قومی ہیلتھ کمیشن نے منگل کے روز چین کے مشرقی صوبے جیانگسو میں برڈ فلو کے ایچ 10 این 3 اسٹرین کے پہلے انسانی کیس کی تصدیق کر دی ہے۔ ہیلتھ کمیشن نے ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ 23 اپریل کو ایک 41 سالہ شخص میں علامات پائی گئی تھیں اور اس کی حالت خراب ہونے کے بعد اسے 28 اپریل کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ 28 مئی کو اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ وہ H10N3 اسٹرین میں مبتلا ہے۔
بیان میں کہا گيا ہے کہ فی الحال اس کی حالت مستحکم ہے اور اسے اسپتال سے ڈسچارج کیا جاسکتا ہے۔ ان کے قریبی رابطوں میں اس انفیکشن کا کوئی دوسرا واقعہ سامنے نہیں آیا ہے۔ کمیشن نے کہا کہ وائرس کے جینوم کے تجزیے کے مطابق یہ ایویئن نژاد کا ہے اور انسانوں میں اثر انداز نہیں ہوتا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ دنیا میں اس سے پہلے ایچ 10 این 3 سے متاثر ہونے کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔ یہ نیا معاملہ پرندوں سے انسان میں اچانک وائرس کے انفیکشن کی منتقلی کی نشاندہی کرتا ہے، حالانکہ اس کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کا خطرہ کم ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔