جسٹن ٹروڈو کا طیارہ پھر خراب، کینیڈین وزیر اعظم کی 4 ماہ میں دوسری بار رسوائی
کینیڈا کے وزیر اعظم کے طیارے نے انہیں ایک بار پھر رسوا کر دیا ہے۔ جمیکا میں چھٹیوں کے دوران ان کا طیارہ ایک بار پھر بند ہو گیا، جس کے بعد ان کے لیے کینیڈا سے دوسرا طیارہ منگانا پڑا
کینیڈا کے وزیر اعظم کے طیارے نے انہیں ایک بار پھر رسوا کر دیا ہے۔ جمیکا میں چھٹیوں کے دوران ان کا طیارہ ایک بار پھر بند ہو گیا، جس کے بعد ان کے لیے کینیڈا سے دوسرا طیارہ منگانا پڑا۔ گزشتہ چار ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے جب ان کا طیارہ غیر ملکی سرزمین پر خراب ہو گیا۔ گزشتہ سال ستمبر میں جی 20 کے دوران ٹروڈو کا طیارہ ہندوستان میں خراب ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے کینیڈین وزیر اعظم کو مزید دو دن ہندوستان میں رہنا پڑا تھا۔
کینیڈین وزیر اعظم 26 دسمبر کو فیملی تعطیلات کے لیے جمیکا گئے تھے، جہاں وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ ایک ریزارٹ میں ٹھہرے تھے، تاہم جمعرات کو جب وہ واپس آ رہے تھے تو ان کا طیارہ خراب ہو گیا، جس کی وجہ سے انہیں مزید ایک دن جمیکا میں ہی رہنا پڑا۔
کینیڈا کے آؤٹ لیٹ سی بی سی نیوز نے جمعہ کو اطلاع دی کہ محکمہ قومی دفاع نے دوسرا طیارہ جمیکا بھیجا ہے۔ کینیڈا کے اخبار نیشنل پوسٹ نے اس سے قبل خبر دی تھی کہ ٹروڈو نے کہا تھا کہ وہ اپنے چھٹیوں کے سفر کے اخراجات خود ادا کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ٹروڈو کا موجودہ طیارہ 36 سال پرانا ہے۔ اکتوبر 2016 میں یہ طیارہ ٹیک آف کے آدھے گھنٹے بعد اوٹاوا (کینیڈا کی راجدھانی) واپس لوٹ آیا تھا۔ ٹروڈو اس وقت بیلجیم کے دورے پر تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔