برطانیہ: چیونٹیوں کی دہشت سے کرایہ داروں کا جینا محال، ہند نژاد رکن پارلیمنٹ کے فلیٹوں کی حالت ابتر

کنزرویٹیو رکن نے اٹھوال کی تنقید کرتے ہوئے کہا "جس لیبر پارٹی نے انتخاب میں رینٹل مارکیٹ میں اصلاح کرنے کا وعدہ کیا تھا اسی کے رکن پارلیمنٹ اس معاملے میں بڑی گڑبری کر رہے ہیں۔"

<div class="paragraphs"><p>تصویر 'ایکس'</p></div>

تصویر 'ایکس'

user

قومی آوازبیورو

یونائٹڈ کنگڈم میں نومنتخب ہندوستانی نژاد رکن پارلیمنٹ جس اٹھوال تنازعہ میں پھنس گئے ہیں۔ دراصل کرایہ پر دیے گئے کئی فلیٹوں کی حالت بے حد خستہ ہونے کی وجہ سے ان کے خلاف شکایتیں آئی ہیں۔ سب سے زیادہ جائیداد والے رکن پارلیمنٹ اٹھوال کے پاس تقریباً 15 ایسے پروپرٹی ہیں جسے انہوں نے کرایہ پر دے رکھا ہے۔ انہی میں سے الفورڈ ساؤتھ میں بھی ان کے 7 فلیٹ کرایہ پر دیے ہوئے ہیں جہاں کے کرایہ داروں نے شکایت کی ہے کہ چھت سے مسلسل زہریلا پاؤڈر گرتا رہتا ہے، ایسے میں انہیں سیلنگ کی لگاتار صفائی کرنی پڑتی ہے۔

کرایہ داروں نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ فلیٹ میں چیونٹیوں نے گھر میں رہنا محال کر دیا ہے۔ ایک کرایہ دار نے کہا کہ ان کے چھوٹے بچے جب سوتے ہیں تو چیونٹیاں ان پر رینگنے لگتی ہیں جبکہ دوسرے نے کہا کہ یہاں چاروں طرف چیونٹیاں ہی چیونٹیاں ہیں، فلیٹ کی حالت اتنی خراب ہے کہ انہیں جلد ہی اسے خالی کرنا پڑ سکتا ہے۔


اس معاملے پر اٹھوال کا بھی رد عمل سامنے آیا ہے اور انہوں نے اس پر فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کا حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ لیکن ان معاملوں کے بعد مخالفین کو موقع مل گیا ہے اور انہوں نے اٹھوال اور ان کی پارٹی کو کٹہرے میں کھڑا کرنا شروع کر دیا ہے۔ لندن اسمبلی کے ایک کنزرویٹیو رکن اینڈریو بوف نے لیبر پارٹی سے اس معاملے کی جانچ کروانے کو کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس لیبر پارٹی نے 2024 کے انتخاب میں رینٹل مارکیٹ میں اصلاح کرنے کا وعدہ کیا تھا اسی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اس معاملے میں بڑی گڑبری کر رہے ہیں۔ بوف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فکر ہے کہ جو لوگ اٹھوال کے کرایہ دار ہیں وہ ڈرے ہوئے ہیں اور انہیں بے گھر ہونے کا ڈر ستا رہا ہے۔ ایسی باتیں اکثر سامنے آتی ہیں کہ اپنے مکان کی دیکھ ریکھ اور مینٹیننس نہ کروانے کی وجہ سے کرایہ دار کو بے گھر ہونا پڑتا ہے۔

غور طلب رہے کہ یو.کے کی پارلیمنٹ میں اس مرتبہ 29 ہندوستانی نژاد ہیں۔ اس میں 9 رکن ایسے ہیں جو پہلی مرتبہ رکن پارلیمنٹ بنے ہیں۔ اس میں سکھ طبقہ کے سبھی رکن لیبر پارٹی سے ہی ہیں اور اس میں ہی اٹھوال بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ پریت کور گل، تنمجیت سنگھ ڈھیسی، سیما ملہوترہ، ولیری واج، لیزا نندی، نویندو مشرا اور نادیہ وہلٹمون شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بگگی شنکر، گریندر سنگھ جوسن، ہرپریت اُپل، جیون سندھیر، کنشک نارائن، اینٹی وسل، ستویر کور، وریندر جوس، سوجن جوسیہہ، سونیا کمار جیسے رکن پارلیمنٹ بھی شامل ہیں جو کہ پہلی بار منتخب ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔