عالمی برادری کی اپیل کے باوجود غزہ پر اسرائیلی حملے جاری
اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کوئی شخص یا جگہ ہمارے حملوں سے محفوظ نہیں۔ ہمارے پاس غزہ میں کئی اہداف ہیں اور ہم ہر ہدف کو نشانہ بنائیں گے۔
غزہ: عالمی برادری، امریکہ اور اسلامی ملکوں کی بار بار جنگ بندی کی اپیلوں کے باوجود فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس سے اب تک 237 فلسطینی شہید اور 1300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جب کہ حماس کے راکٹ حملے میں 12 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی میں کشیدگی دوسرے ہفتے بھی جاری ہے جس میں اب تک اسرائیلی حملوں میں 237 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ شہدا میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔ فلسطینیوں کے راکٹ حملوں میں 12 اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔
العربیہ کے مطابق اسرائیل نے غزہ پٹی کی بجلی بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسلحہ اور گولہ بارود ذخیرہ کرنے کے لیے بنائی گئی سرنگوں کو تباہ کرنے کا عمل پہلی ترجیح کے طور پر جاری رہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے فلسطینیوں کے راکٹ حملوں دو اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سخت جواب دینے کی دھمکی دی ہے۔ جنوبی اسرائیل میں یہودی کالونیوں کی قیادت سے ملاقات میں نیتن یاھو نے کہا کہ غزہ میں انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی مزید کئی روز جاری رہے گی۔
درایں اثنا امریکی وزیر خارجہ لائڈ آسٹن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب بینی گینٹز سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے غزہ میں تشدد کا سلسلہ فوری روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے بے گناہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کی ہلاکتیں ناقابل قبول ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کوئی شخص یا جگہ ہمارے حملوں سے محفوظ نہیں۔ ہمارے پاس غزہ میں کئی اہداف ہیں اور ہم ہر ہدف کو نشانہ بنائیں گے۔ قبل ازیں منگل کو غزہ سے عسقلان کے علاقے میں داغے گئے راکٹ حملے میں دو اسرائیلی ہلاک اور کم سے کم 10 زخمی ہو گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔