مصری وزیر خارجہ کی اسرائیلی ہم منصب سے آج ملاقات، جنگ بندی اور غزہ پٹی کی تعمیر نو پر تبادلہ خیال
مصری وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز وزیر خارجہ سامح شکری کے دورے کی اطلاع دی ہے مگر اس کی مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
مصری وزیر خارجہ سامح شکری آج بروز اتوار اسرائیلی ہم منصب گابی اشکنازی سے ملاقات کر رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں لیڈران غزہ میں جنگ بندی اور اس کو مستحکم بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
مصر کی ثالثی میں اسرائیل اور فلسطینی تنظیموں کے درمیان 21 مئی کو غزہ میں جنگ بندی ہوئی تھی۔ اب مصر اسرائیل کے پشتیبان امریکہ اور دوسرے علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر اس جنگ بندی کو پائیدار بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ وہ تنازع کے دونوں فریقوں سے فلسطینی علاقوں میں قیام امن کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔ مصری وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز وزیر خارجہ سامح شکری کے دورے کی اطلاع دی ہے مگر اس کی مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
اسرائیل کی خبری ویب گاہ ’’ولا‘‘ نے الگ سے یہ اطلاع دی ہے کہ مصر کی جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ عباس کامل اتوار کو اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کا دورہ کرنے والے ہیں۔ وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو، فلسطینی صدر محمود عباس اور حماس کے عہدے داروں سے ملاقات کریں گے۔
تاہم اسرائیلی یا فلسطینی حکام نے مصری انٹیلی جنس چیف اور وزیر خارجہ کے اس دورے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔