اسرائیل کا دمشق میں تہران کے سفارتخانہ پر حملہ، 7 ایرانی اہلکاروں سمیت 11 افراد جان بحق، ایران کا سخت رد عمل
ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ دمشق میں تہران کے سفارتخانے پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 2 سینیر افسران سمیت اس کے 7 ارکان جان بحق ہو گئے۔ حملے پر ایران نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے
دمشق: اسرائیل نے شامل کے دارالحکومت دمشق میں واقع ایرانی سفارتخانہ پر میزائل حملہ کیا ہے۔ حملے میں عمارت تباہ ہو گئی جبکہ متعدد افراد جان بحق ہو گئے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے سفارتخانے پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 2 سینیر افسران سمیت اس کے 7 ارکان کے جان بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں شام اور لبنان میں پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا زاہدی اور ان کے نائب بریگیڈیئر جنرل محمد ہادی حاجی رحیمی بھی شامل ہیں۔ پاسداران انقلاب نے اپنے مشیروں حسین امان اللہ، مہدی جلالاتی، محسن صداقت، اور علی آغا بابائی کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی۔
دوسری جانب سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ دمشق میں ایرانی قونصل خانے کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ ایران کی طرف سے اس حملے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس حملے کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا، ’’مجرم اسرائیلی دشمن کی یہ کارروائی اپنی مسلسل شکستوں اور غزہ کے لوگوں کی ثابت قدمی کے بعد ہوئی ہے۔ دشمن غزہ جنگ میں قتل عام کے باوجود اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہنے کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکا ہے۔‘‘
دریں اثنا، ایران نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے کے بعد اس کارروائی کا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ دمشق میں تہران کے سفارت خانے پر اسرائیلی بمباری پر سنگین ردعمل ظاہر کرے۔
اپنے شامی ہم منصب کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نےکہا کہ اسرائیلی حملہ "تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں اور کنونشنز کی خلاف ورزی" ہے۔ اس کارروائی کے نتائج کے لیے اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔ اس حملے پر بین الاقوامی سطح پر سنجیدہ اور موثر رد عمل کی ضرورت ہے۔ اسرائیل کی اس ننگی جارحیت پر تہران جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔