امریکہ-ایران کشیدگی: ایرانی سفیر نے امید بھری نظروں سے ہندوستان کی طرف دیکھا

ایران و امریکہ کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔ امریکی صدر کی دھمکی کے باوجود ایران نے بدھ کو صبح ساڑھے پانچ بجے عراق میں امریکی فوجی ائیر بیس پر میزائل سے حملہ کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ امریکی صدر کی دھمکی کے باوجود ایران نے بدھ کو صبح ساڑھے پانچ بجے عراق میں امریکی فوجی ائیر بیس پر میزائل سے حملہ کر دیا۔ ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں 80 امریکی فوجیوں کی موت ہوئی ہے۔ حالانکہ امریکہ نے اس دعوے کو جھوٹ بتایا ہے۔

دوسری طرف ہندوستان میں ایران کے سفیر علی چیگینی نے کہا کہ ایران امریکہ کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی سمت میں ہندوستان کے کسی بھی امن والے قدم کا استقبال کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے ہیں، ہم علاقے میں سبھی کے لیے امن اور خوشحالی کی خواہش کرتے ہیں۔


غور طلب ہے کہ گزشتہ ہفتہ جمعہ کو عراق کی راجدھانی بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں ایران کے سرکردہ کمانڈر قاسم سلیمانی کے مارے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ایران کے ذریعہ عراق واقع امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیے جانے کے کچھ ہی گھنٹے بعد چیگینی نے یہ بیان دیا ہے۔

ایران کے سفارتخانہ میں قاسم سلیمانی کے لیے منعقد خراج عقیدت پروگرام کے بعد چیگینی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ دنیا میں امن بنائے رکھنے میں عام طور پر ہندوستان بہت اچھا کردار نبھاتا ہے۔ ساتھ ہی ہندوستان اسی حلقہ میں ہے۔ ہم سبھی ممالک، خصوصاً اپنے دوست ہندوستان کی طرف سے ایسے کسی بھی قدم کا استقبال کریں گے جو کشیدگی کو بڑھنے نہ دے۔


ایرانی سفیر نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے ہیں۔ ہم علاقے میں سبھی لوگوں کے لیے امن اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ ہم ہندوستان کے کسی بھی قدم اور منصوبے کا استقبال کرتے ہیں جو دنیا میں امن اور خوشحالی لانے میں مددگار ہو۔ عراق میں امریکی فوجی اڈہ پر ایرانی حملے کے بارے میں چیگینی نے کہا کہ ان کے ملک نے اپنی حفاظت کرنے کے اختیار کے تحت جواب دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔