ایران: کوئلہ کان میں میتھین گیس خارج ہونے کے بعد زبردست دھماکہ، 30 مزدوروں کی موت
دھماکہ راجدھانی تہران سے 540 کیلومیٹر دور واقع طبس میں ہوا ہے۔ حاادثہ کے وقت کوئلہ کان میں 70 مزدور کام کر رہے تھے۔ افسران کی ٹیم راحت و بچاؤ کام میں جٹ گئی ہے۔
ایران میں ہفتہ کی رات 9 بجے ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک کوئلے کی کان میں میتھین گیس خارج ہونے کے بعد دھماکہ ہو گیا جس میں 30 افراد ہلاک اور 17 شدید طور پر زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ اطلاع ایرانی میڈیا رپورٹ کے توسط سے حاصل ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوئلہ کان میں یہ دھماکہ راجدھانی تہران سے 540 کیلومیٹر دور واقع طبس میں ہوا ہے۔ دھماکہ کے بعد افسران فوراً جائے وقوع پر پہنچ گئے اور راحت و بچاؤ کام شروع کر دیا۔ اطلاع کے مطابق دھماکہ کے وقت کان میں تقریباً 70 مزدور کام کر رہے تھے۔
ایران کی کوئلہ کان میں یہ کوئی پہلا حادثہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی یہاں وقت وقت پر ایسے حادثے ہوتے رہے ہیں۔ 2017 میں بھی ایک کوئلہ کان میں زبردست دھماکہ ہوا تھا جس میں 42 لوگوں نے اپنی جانیں گنوا دی تھیں۔ 2013 میں دو الگ الگ کان میں اسی طرح کے واقعات پیش آئے تھے۔ جس میں 11 مزدوروں کی موت ہوگئی تھی۔ اس سے چار سال پہلے 2009 میں بھی حادثات ہوئے تھے جس میں 20 مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔
ایران جہاں ایک طرف تیل کی پیداوار کے لیے دنیا بھر میں مانا جاتا ہے وہیں یہاں کئی طرح کے معدنیات کا پروڈکشن بھی کافی زیادہ ہے۔ یہ ملک سالانہ تقریباً 3.5 ملین ٹن کوئلے کی کھپت کرتا ہے لیکن اپنی کانوں سے ہر سال صرف 1.8 ملین ٹن ہی کوئلہ نکالتا ہے۔ باقی کے کوئلے کی درآمد کی جاتی ہے جسے اکثر ملک کی اسٹیل مِلوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔