ہند-چین تنازعہ: ہندوستان کو امریکہ جیسے دوست کی ضرورت، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو

امریکی وزیر خارجہ پومپیو نے کہا، "دنیا بیدار ہو چکی ہے۔ امریکہ نے اب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی قیادت میں ایک مضبوط اتحاد تشکیل دیا گیا ہے، جو تمام طرح کے خطرے کا جواب دے گا"

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: ہندوستان اور چین کے درمیان حقیقی کنٹرول لائن پر جاری تنازعہ کے حوالہ سے امریکہ نے چین کے رُخ کے تئیں خبردار کرتے ہوئے ہندوستان کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا ہے۔ امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے جمعہ کے روز چین کی پیش قدمی پر آگاہ کرتے ہوئے ہندوستان کے ساتھ گہرے تعلقات کا مشورہ دیا۔

امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا، دنیا بیدار ہو چکی ہے۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکہ نے اب ایک مضبوط اتحاد تیار کر لیا ہے، جو اس خطرے کا جواب دے گا۔‘‘ پومپیو کا کہنا ہے کہ چین نے سرحدی علاقہ میں 60 ہزار فوجیوں کو تعینات کیا ہے۔

ٹوکیو میں ہونے والے اجلاس کے بعد پومپیو جلد ہی وزیر دفاع مارک ایسپر کے ساتھ ہندوستان کے دورے پر آئیں گے اور ہندوستان میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ سالانہ مذاکرات کریں گے۔ امریکہ کی وزارت خارجہ نے کہا کہ نائب وزیر خارجہ اسٹیفن بیگن اجلاس کی تیاری کے لئے آئندہ ہفتہ ہندوستان کے دورے پر جائیں گے۔


واضح رہے کہ جون کے مہینے میں لداخ میں ہندوستان اور چین کے فوجیوں کے درمیان پُر تشدد جھڑپ ہوئی تھی اور تبھی سے دونوں ممالک کے درمیان تناؤ برقرار ہے۔ اس جھڑپ میں ہندوستان کے 20 جوانوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تھا۔ چین نے پہلے اپنے جانی نقصان سے انکار کیا لیکن اب اس نے اپنے فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کر لیا ہے۔ تاہم چین نے یہ نہیں بتایا ہے کہ اس کے کتنے فوجی اس جھڑپ میں ہلاک ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔