امریکہ کے شہر لیوسٹن میں والمارٹ سینٹر بار سمیت 3 مقامات پر اندھا دھند فائرنگ، 22 افراد ہلاک

لیوسٹن، مائن میں شخص کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں

<div class="paragraphs"><p>امریکہ میں فائرنگ</p></div>

امریکہ میں فائرنگ

user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: امریکہ کی مائن ریاست کے شہر لیوسٹن میں ایک شخص کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجہ میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق بدھ کی رات ایک سرگرم شوٹر نے فائرنگ کا یہ واقعہ انجام دیا۔

اینڈروسکوگن کاؤنٹی شیرف کے دفتر (پولیس) نے اپنے فیس بک پیج پر مشتبہ شخص کی دو تصاویر جاری کیں، جن میں ایک بندوق بردار کو اسٹیبلشمنٹ میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مشتبہ شخص نے اپنے کندھے پر ہتھیار لٹکا رکھا تھا اور وہ اس وقت فرار ہے۔


دی سن جرنل نے لیوسٹن پولیس کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تین الگ الگ اداروں پر گولیاں چلائی گئیں، جن میں اسپیئر ٹائم ریکریشن، اسکیمینزیز بار اینڈ گرل ریستوراں اور والمارٹ ڈسٹری بیوشن سینٹر شامل ہیں۔ واشنگٹن میں ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ صدر جو بائیڈن کو فائرنگ کے اس واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

بوسٹن میں ایف بی آئی کے دفتر نے کہا کہ وہ لیوسٹن، مائن میں ہلاکت خیز فائرنگ کی تحقیقات کے لیے تیار ہے۔ ایف بی آئی کے بیان کے مطابق، 'ایف بی آئی بوسٹن ڈویژن مائن میں اپنے مقامی، ریاستی اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے شراکت داروں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ہم شواہد اکٹھا کرنے، تفتیش اور اسٹریٹجک مدد کے ساتھ ساتھ متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں۔


پولیس نے حملہ آور کی تصویر جاری کرتے ہوئے لوگوں سے مدد طلب کی ہے۔ تصویر میں لمبی بازو کی شرٹ اور جینز پہنے ایک داڑھی والے شخص نے رائفل پکڑی ہوئی ہے اور فائرنگ کر رہا ہے۔ لیوسٹن کے سینٹرل مائن میڈیکل سینٹر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئیں۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ لیوسٹن اینڈروسکوگن کاؤنٹی کا حصہ ہے اور مائن کے سب سے بڑے شہر پورٹ لینڈ سے تقریباً 35 میل (56 کلومیٹر) شمال میں واقع ہے۔

گن وائلنس آرکائیو کے مطابق مئی 2022 کے بعد امریکہ میں فائرنگ کا یہ سب سے مہلک واقعہ ہے۔ مئی 2022 میں ایک بندوق بردار نے ٹیکساس کے اووالڈے کے ایک اسکول میں فائرنگ کر کے 19 بچے اور دو اساتذہ کو ہلاک کر دیا تھا۔ 2020 میں کورونا کی وبا شروع ہونے کے بعد سے امریکی فائرنگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 2022 میں اس طرح کے 647 واقعات پیش آئے اور 2023 میں 679 واقعات پش آ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔