سربیا کے ایک اسکول میں اندھا دھند فائرنگ، 8 طلبا سمیت 9 افراد کی موت، کئی زخمی طلبا اسپتال میں داخل

گولی باری کا پتہ چلتے ہی پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور حالات کو سنبھالنے میں مصروف ہو گئیں، حملے میں کم از کم 6 طلبا اور ایک استاذ کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی
فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

جنوب مشرقی یوروپی ملک سربیا کے ایک اسکول میں اندھا دھند فائرنگ نے دہشت اور افرا تفری کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ میں کم از کم 9 افراد کی موت ہوئی ہے اور کئی زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں علاج کے لیے فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوکین میں 8 طالب علم شامل ہیں جب کہ ایک سیکورٹی گارڈ کی بھی گولی لگنے سے موت ہو گئی ہے۔

سربیا کی وزارت داخلہ نے اس حادثہ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گولی باری کا پتہ چلتے ہی پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ کے لیے پہنچیں اور حالات کو سنبھالنے میں مصروف ہو گئیں۔ ایک رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جن زخمیوں کو اسپتال میں بغرض علاج داخل کیا گیا ہے ان میں 6 طالب علم اور ایک استاد شامل ہیں۔


پولیس افسران کا کہنا ہے کہ گولی باری آج صبح (3 مئی) بیلگریڈ کے ولادسلاؤ ربنیکر اسکول میں ہوئی۔ گولیاں طلبا کے اوپر چلائی گئیں اس لیے متاثرین میں طلبا کی تعداد زیادہ ہے۔ اس فائرنگ واقعہ کے تعلق سے 14 سالہ ایک طالب علم کو حراست میں لیا گیا ہے۔ افسران نے کہا کہ مشتبہ پر اپنے والد کی بندوق کا استعمال کرنے کا الزام ہے۔ واقعہ کے پیچھے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔