ترقی پذیر ممالک کی ضروریات کے مطابق وسائل جمع کرنے کا ہدف طے کریں: ہندوستان

ہندوستانی وزیر نے کہا کہ نئے طے شدہ اجتماعی اہداف کے تحت، وسائل کو جمع کرنے کے اہداف کو ترقی پذیر ممالک کی ضروریات اور توقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کیا جانا چاہیے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

ہندوستان نے موسمیاتی تبدیلی پر یہاں جاری اقوام متحدہ کے سربراہی اجلاس (سی او پی 28) میں ہفتہ کے روز کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اجتماعی عالمی اہداف کے تحت وسائل جمع کرنے کے اہداف ترقی پذیر ممالک کی ضرورتوں اور تقاضوں کی بنیاد پر طے ہونے چاہئیں۔ ہندوستان نے یہ بھی کہا کہ انصاف کا تقاضہ یہ ہے کہ ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلی کی کارروائی میں بڑا اور زیادہ اہم کردار ادا کریں۔

مرکزی وزیر برائے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی بھوپیندر یادو نے سی او پی 28 میں ہندوستان کا سرکاری بیان پیش کرتے ہوئے کہا، "جب ہم یہاں سی او پی 28 کے لیے دبئی میں جمع ہو رہے ہیں، ہندوستان عالمی تجزیے کے نتائج کا منتظر ہے اور امید کرتا ہے کہ یہ جائزے موسمیاتی تبدیلی کے خلاف مزید اہم کارروائی کے سلسلے میں فیصلے کرنے کے لیے بامعنی اور متعلقہ معلومات فراہم کریں گے۔
مسٹر بھوپیندر یادو نے کہا، "نئے طے شدہ اجتماعی اہداف کے تحت، وسائل کو جمع کرنے کے اہداف کو ترقی پذیر ممالک کی ضروریات اور توقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کیا جانا چاہیے۔"ہندوستان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف عالمی کارروائی شراکت اور انصاف پر مبنی ہونی چاہیے اور یہ صرف اسی صورت میں یقینی بنایا جا سکتا ہے جب ترقی یافتہ ممالک اہم موسمیاتی کارروائی میں پیش پیش ہوں۔


ہندوستان کی طرف سے، کاربن کے اخراج کی شدت کو کم کرنے، بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں توسیع کے لیے غیر معدنی ایندھن کے ذرائع پر مبنی صلاحیت کے تناسب میں اضافہ، اور موسمیاتی کارروائی کے بارے میں قومی سطح پر اعلان کردہ عزائم کو حاصل کرنے کے اہداف مقررہ وقت سے بہت پہلے حاصل کیے جا رہے ہیں۔ دیگر قومی اور بین الاقوامی اقدامات میں بھی اس کے فعال کردار کا ذکر کیا گیا۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان موسمیاتی تبدیلی کے جواب میں عالمی سطح پر عملی اقدامات کی حمایت میں سب سے آگے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشن لائف کے آئیڈیل کو آگے بڑھاتے ہوئے، ہندوستان نے یکم دسمبر کو یہاں سی او پی 28 میں گرین کریڈٹ انیشیٹو کا آغاز کیا تاکہ اختراعی ماحولیاتی پروگراموں اور آلات کے تبادلے کے لیے ایک مشترکہ عالمی پلیٹ فارم بنایا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔