اسرائیل میں ایک ہندوستانی کی میزائل حملہ میں موت کے بعد ہندوستانی سفارت خانے کا انتباہ جاری

اسرائیل کی شمالی سرحد کے علاقے میں حزب اللہ کی جانب سے میزائل حملے میں ایک ہندوستانی شہری کی موت کے بعد ہندوستانی سفارت خانے نے انتباہ جاری کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

تل ابیب: اسرائیل کے مارگیلیوٹ قریب اینٹی ٹینک میزائل حملے میں ایک ہندوستانی کی موت کے بعد ہندوستانی سفارت خانے نے منگل (5 مارچ 2024) کو انتباہ جاری کرتے ہوئے ہندوستانیوں کو اسرائیل کی سرحد چھوڑ کر محفوظ مقامات پر جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اسرائیل میں ہندوستانی سفارت خانے نے اس حوالہ سے رہنما ہدایات جاری کی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر اسرائیل میں تمام ہندوستانی شہریوں، خاص طور پر جو لوگ کام کر رہے ہیں یا شمالی اور جنوبی سرحدی علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں، انہیں ملک کے اندر محفوظ علاقوں میں منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

سفارت خانے کا مزید کہنا تھا، ’’ہم بھارتیوں کی حفاظت کے حوالے سے اسرائیلی حکام سے رابطے میں ہیں۔ آپ کسی بھی وقت ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر 97235226748 پر کال کر سکتے ہیں اور consl.telaviv@mea.gov.in پر ای میل کر سکتے ہیں۔‘‘ اس کے علاوہ سفارت خانے نے ہندوستانیوں سے کہا کہ وہ اپنے مقامی روابط کے ذریعے رہنما ہدایات کو پھیلائیں۔

خیال رہے کہ لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کی شمالی سرحد پر واقع مارگلیوٹ کے قریب ایک باغ میں ٹینک شکن میزائل داغا گیا تھا، جس میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔


نئی دہلی میں اسرائیل کے سفارت خانے نے اس حملے کے حوالے سے کہا ہے، ’’شیعہ دہشت گرد تنظیم حزب اللہ کے پرامن زرعی کارکنوں پر بزدلانہ دہشت گردانہ حملے میں ایک ہندوستانی شہری کی موت اور دو دیگر کے زخمی ہونے سے ہمیں گہرا دکھ ہوا ہے۔ یہ مزدور کل دوپہر مارگلیوٹ کے شمالی گاؤں میں ایک باغ میں کھیتی باڑی کر رہے تھے۔‘‘

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ’’ہماری دعائیں اور تعزیت سوگوار خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔ اسرائیلی طبی ادارے مکمل طور پر ان زخمیوں کی خدمت میں ہیں جن کا علاج ہمارا بہترین طبی عملہ کر رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔