امریکہ: کورونا وائرس کا خطرہ پھیلانے والوں کو اب مانا جائے گا دہشت گرد

ڈپٹی اٹارنی جنرل جیفری روسین کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ قصداً اس وائرس کو دوسروں تک پھیلانے کا کام کر رہے ہیں اور ایسے لوگوں کو دہشت گرد مان کر کارروائی کی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

امریکہ میں کورونا وائرس کا اثر بہت تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ ہے لوگوں کے ذریعہ سوشل ڈسٹنسنگ پر پوری طرح عمل نہ کرنا۔ اس غیر ذمہ داری کو دیکھتے ہوئے امریکی محکمہ انصاف نے سخت رخ اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ایک نیا حکم محکمہ انصاف نے صادر کیا ہے جس کے مطابق کورونا وائرس کا خطرہ دوسروں تک پہنچانے والوں کو اب یہاں پر دہشت گرد تصور کیا جائے گا۔

سی این این کے مطابق ڈپٹی اٹارنی جنرل جیفری روسین کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ قصداً اس وائرس کو دوسروں تک پھیلانے کا کام کر رہے ہیں اور ایسے لوگوں کو دہشت گرد مان کر کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ کچھ کورونا پازیٹو افراد ایسے ہیں جو جانتے ہیں کہ لوگوں سے رابطہ میں رہ کر وہ اس بیماری کو پھیلا رہے ہیں، اس کے باوجود وہ خود کو کوارنٹائن نہیں کر رہے۔ ایسے لوگوں کو دہشت گرد تصور کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ نئے قانون کے تحت قصوروار پائے جانے پر ان لوگوں کو عمر قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔


تحریری حکم میں یہ بات صاف لکھا گیا ہے کہ جو لوگ کورونا وائرس پھیلانے کا کام کر رہے ہیں انھیں بایولوجیکل ایجنٹ مانا جائے گا۔ محکمہ انصاف کے تحت آنے والی سبھی ایجنسیوں کو یہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ایسے کسی بھی شخص کو ملک میں دہشت گردی پھیلانے کے تحت گرفتار کیا جائے گا۔ حکم میں انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکہ کے شہری اب ایسے لاپروا لوگوں کو جو اس وائرس کو اسلحہ بنا رہے ہیں اور دوسروں کو مشکل میں ڈال رہے ہیں، کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔