امریکہ میں ہند نژاد غزالہ ہاشمی نے تاریخ رقم کی، ورجینیا کی پہلی مسلم خاتون سینیٹر منتخب

اپنی فتح کے بعد غزالہ نے کہا کہ ’’یہ صرف میری فتح نہیں ہے۔ یہ ان سبھی لوگوں کی فتح ہے جو مجھ پر بھروسہ کرتے ہیں اور یہ مانتے ہیں کہ میں ان کی آواز اٹھا سکتی ہوں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

محض چار سال کی عمر میں حیدر آباد سے امریکہ ہجرت کرنے والی پروفیسر غزالہ ہاشمی نے امریکہ میں ایک ایسی تاریخ رقم کی ہے جس پر ہندوستان فخر کر رہا ہے۔ پروفیسر غزالہ اپنی پہلی ہی کوشش میں ورجینیا کی سینیٹر منتخب ہو گئی ہیں اور یہ کارنامہ انجام دینے والی وہ پہلی مسلم خاتون ہیں۔ گویا کہ اس سے قبل کوئی بھی مسلم خاتون امریکہ کے ورجینیا اسٹیٹ کی سینیٹر نہیں چنی گئی۔

دہائیوں سے ورجینیا پر ریپبلکن کا قبضہ تھا لیکن گزشتہ منگل کو ڈیموکریٹ پروفیسر غزالہ ہاشمی نے ریپبلکن کو اقتدار سے باہر کا راستہ دکھا دیا۔ غزالہ کے لیے یہ ایک بڑی کامیابی ہے کہ انھوں نے اپنی پہلی ہی کوشش میں گلین اسٹرٹیوانٹ کو شکست دے دی۔ اپنی فتح کے بعد غزالہ نے کہا کہ ’’یہ صرف میری فتح نہیں ہے۔ یہ ان سبھی لوگوں کی فتح ہے جو یہ مانتے ہیں کہ یہاں ورجینیا میں کچھ بدلاؤ ہونے چاہئیں۔ یہ ان سبھی لوگوں کی فتح ہے جو یہ مانتے ہیں، اور مجھ پر یقین کرتے ہیں کہ میں ان کی آواز اٹھا سکتی ہوں۔‘‘


پروفیسر غزالہ کی کامیابی کے بعد سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے انھیں مبارکباد دیتے ہوئے کافی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ وہ ورجینیا کے لیے اچھا ثابت ہوں گی۔ کئی دیگر بڑی ہستیوں نے بھی ڈیموکریٹ غزالہ کی کامیابی کو قابل قدر بتاتے ہوئے انھیں مبارکباد پیش کیں۔


یہاں قابل ذکر ہے کہ پروفیسر غزالہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی سخت مخالف تصور کی جاتی ہیں۔ غزالہ نے خود ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’جس وقت صدر ڈونالڈ ٹرمپ مسلم طبقہ کے خلاف زہر اگل رہے تھے، تب مجھے لگتا تھا کہ کیا وہ کبھی اس ملک کو اپنا گھر بھی مان سکیں گی۔‘‘ آج جب وہ ورجینیا کی سینیٹر منتخب ہو گئی ہیں تو ان کی پوری توجہ اس علاقے کی فلاح و بہبود اور ترقی کی طرف ہے۔ پروفیسر غزالہ بہت کچھ کرنا چاہتی ہیں اور یہ ثابت کرنا چاہتی ہیں کہ ورجینیا کے لوگوں نے ان سے جو امید کی ہے اس پر وہ کھری اتریں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Nov 2019, 12:31 PM