حزب اللہ کا ڈرون نیتن یاہو کے بیڈروم تک جا پہنچا! اسرائیلی ایجنسیوں کی نیند حرام
اسرائیلی میڈیا نے ڈرون حملے کی تصاویر جاری کی ہیں، جس سے ایجنسیاں تشویش میں ہیں۔ ان کا خدشہ ہے کہ اگر مستقبل میں کوئی بڑا حملہ اتنا ہی درست نشانہ بنائے تو اس کے نتیجے میں زیادہ نقصان ہو سکتا ہے
اسرائیل کی حماس اور حزب اللہ کے ساتھ جاری جنگ لگاتار شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ اس شدید جنگ میں چند مہینوں کے اندر ہی خطے میں ہزاروں بے قصور لوگوں کی جانیں تلف ہوئی ہیں۔ اب تو حماس اور حزب اللہ بھی اسرائیل پر زبردست طور پر حملہ آور ہو چکا ہے، جس سے جنگ بندی کے امکانات مسلسل کم ہوتے جا رہے ہیں۔ واضح ہو کہ گزشتہ دنوں حزب اللہ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے گھر پر ہی ڈرون حملہ کر دیا تھا۔ حالانکہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا لیکن پھر بھی اسے ایک بڑا حملہ تسلیم کیا جا رہا ہے۔
اس درمیان حملے کی ایک تصویر بھی سامنے آئی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ حزب کا حملہ کتنا خطرناک تھا۔ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے نیتن یاہو کے بیڈ روم پر ہی حملہ ہوا اور اس کمرے کی کھڑکی کو نقصان پہنچا۔ یہ صاف ہے کہ حزب اللہ کا حملہ اپنے نشانہ پر تھا اور اس کا ڈرون نیتن یاہو کے بیڈ روم تک جا پہنچا۔ بتایا جاتا ہے کہ جس وقت یہ حملہ ہوا اس وقت یاہو اپنی رہائش پر موجود نہیں تھے۔
حملے میں بھلے ہی اسرائیلی وزیر اعظم کو کوئی نقصان نہ پہنچا ہو لیکن اسرائیلی ایجنسیاں فکرمند ہیں کہ مستقبل میں اگر کوئی بڑا حملہ اتنا نشانے پر لگا تو زیادہ نقصان ہو سکتا ہے۔ یہ ڈرون لبنان سے فائر کیا گیا تھا، جو سیدھے نیتن یاہو کی رہائش اور خاص طور پر ان کے بیڈروم کی کھڑکی پر جا کر ٹکرایا۔
ایک تصویر میں دکھائی دے رہا ہے کہ کیسے ڈرون حملے سے گھر کی کھڑکی کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں لیکن وہ اندر نہیں جا پایا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ وہاں شیشہ بے حد مضبوط لگا ہوا تھا اور کچھ دیگر چیزیں بھی پروٹیکشن کے لیے تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔