نفرت پھیلانے والے ’ہندوستانی نیوز چینلوں‘ پر یو اے ای میں پابندی کا مطالبہ
”ہندوستان کے سب سے اہم نیوز چینلوں ریپبلک ٹی وی، زی نیوز، انڈیا ٹی وی، آج تک، اے بی پی اور ٹائمز ناؤ پر پابندی عائد کی جانی چاہیے، کیونکہ یہ اسلاموفوبیا کے ذریعہ خلیج میں نفرت پھیلا رہے ہیں۔“
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مشہور و معروف اخبار 'گلف نیوز' نے ہندوستان کے کئی چینلوں پر یو اے ای میں پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ گلف نیوز نے یہ مطالبہ گزشتہ بدھ کو اپنے ایک اداریہ کے ذریعہ حکومت سے کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ ہندوستان کے سب سے اہم نیوز چینلوں ریپبلک ٹی وی، زی نیوز، انڈیا ٹی وی، آج تک، اے بی پی اور ٹائمز ناؤ پر پابندی عائد کی جانی چاہیے کیونکہ یہ اسلاموفوبیا کے ذریعہ خلیج میں نفرت پھیلا رہے ہیں۔
گلف نیوز میں 6 مئی کو شائع اس اداریہ میں واضح لفظوں میں مذکورہ نیوز چینلوں کے تعلق سے لکھا گیا ہے کہ ان کی خبریں زہر انگیز ہوتی ہیں اور یو اے ای میں یہ نیوز چینل ماحول خراب کر رہی ہیں۔ گلف نیوز نے مذکورہ ہندوستانی نیوز چینلوں کا نام لیتے ہوئے کہا کہ یہ نفرت پھیلانے کے لیے حقیقی گنہگار ہیں اور پرائم ٹائم کے ذریعہ ان 'زہریلے ٹی وی چینلز' نے خلیج ممالک میں مذہبی نااتفاقی پیدا کر دی ہے۔
گلف نیوز نے اپنے اداریہ میں خلیجی ممالک کے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "براہ راست نشر ہونے والے نفرت آمیز پروگرام مشہور اینکروں کے ذریعہ کیے جاتے ہیں جس کا منفی اثر خلیجی ممالک پر پڑتا ہے۔ خلیجی ممالک کے افسران کو ان چینلوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ نفرت پھیلانے والے ریپبلک ٹی وی، زی نیوز، انڈیا ٹی وی، آج تک، اے بی پی اور ٹائمز ناؤ سمیت سبھی پر کارروائی ہونی چاہیے۔"
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کچھ ہفتوں میں یو اے ای اور دیگر عرب ممالک میں رہنے والے غیر مسلم ہندوستانیوں کے ذریعہ سوشل میڈیا پر کئی نفرت بھرے پوسٹ کیے گئے۔ اسی کو دیکھتے ہوئے گلف نیوز نے اداریہ لکھا اور کہا کہ لوگوں کا ذہن خراب کرنے کے لیے اور مذہبی نااتفاقی پیدا کرنے کے لیے زہریلے ہندوستانی نیوز چینلز ذمہ دار ہیں۔ گلف نیوز اپنے اداریہ میں ایک جگہ پر لکھتا ہے کہ "بڑا سوال یہ ہے کہ طویل مدت سے خلیجی ممالک میں مقیم ہندوستانی باشندے جو مقامی قوانین اور حساسیت سے واقف ہیں، سوشل میڈیا پر اس طرح کے ہتک آمیز پوسٹ کس طرح کر رہے ہیں؟"
اس خراب ماحول کے لیے گلف نیوز ہندوستانی نیوز چینلز کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے لکھتا ہے کہ "مجرم ہندوستانی میڈیا ہے، خصوصی طور پر کچھ نیوز چینلز جو ہندوستان سے مسلمانوں کے خلاف خلیجی ممالک میں نفرت پھیلانے والے پروگراموں کو چلا رہے ہیں۔" گلف نیوز نے کچھ ہندوستانی میڈیا چینلز پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ ہندوستانی مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے لیے فرضی خبریں بنا رہے ہیں اور فرضی پروگرام بھی تیار کرتے ہیں۔
(بشکریہ رپورٹ لُک ڈاٹ کام)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔