یونان: دو ٹرینوں میں خوفناک تصادم، حادثہ میں کم از کم 26 افراد ہلاک، 85 زخمی

حادثہ یونان کے شہر لاریسا کے قریب اس وقت پیش آیا جب مخالف سمت سے آنے والی مسافر اور مال بردار ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس میں کم از کم 26 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر ٹوئٹر</p></div>

تصویر ٹوئٹر

user

قومی آواز بیورو

ایتھنز: یونان میں دو ٹرینوں کے تصادم کے سبب پیش آئے خوفناک حادثہ میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ 85 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ یونان کے شہر لاریسا کے قریب اس وقت پیش آیا جب مخالف سمت سے آنے والی مسافر اور مال بردار ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔

زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں کئی کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثہ میں زخمی ہونے والے 25 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔


تھیسالی کے گورنر کونسٹنٹینوس اگوراسٹوس نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ایتھنز سے شمالی شہر تھیسالونیکی جانے والی ایک مسافر ٹرین اور تھیسالونیکی سے لاریسا جانے والی کارگو ٹرین وسطی یونانی شہر کے قریب آپس میں ٹکرائیں، انہوں نے کہا کہ تصادم بہت زوردار تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جب کہ 2 مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ اگوراسٹوس نے کہا کہ تقریباً 250 مسافروں کو بسوں میں تھیسالونیکی تک بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ ایتھنز سے تقریباً 380 کلومیٹر شمال میں تصادم کے بعد متعدد بوگیاں پٹری سے اتریں اور کم از کم 3 میں آگ لگی۔


دوسری جانب ریل آپریٹر ہیلینک ٹرین نے بتایا کہ ایتھنز سے تھیسالونیکی جانے والی مسافر ٹرین میں تصادم کے وقت تقریباً 350 مسافر سوار تھے۔

ٹرینوں کے تصادم کے خوفناک حادثے کے بعد امدادی کاموں کے لئے فوج کو طلب کیا گیا ہے، جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔ ان میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرین کی بوگیاں کس طرح آگ کی لپیٹ میں ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ ڈبے پٹری سے بھی اتر گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔