سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر پر ایف بی آئی کا چھاپہ، سیف الماری توڑ کر تلاشی!

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان جاری کر کے اطلاع دی ہے کہ امریکی تحقیقاتی ایجنسی ’ایف بی آئی‘ نے ان کے کے فلوریڈا واقع گھر پر چھاپہ مارا ہے، اہلکاروں کو کچھ خفیہ دستاویزات کی تلاش تھی

ڈونالڈ ٹرمپ، تصویر یو این آئی
ڈونالڈ ٹرمپ، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان جاری کر کے اطلاع دی ہے کہ امریکی تحقیقاتی ایجنسی ’ایف بی آئی‘ نے ان کے کے فلوریڈا واقع گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی افسران نے ان کے ’پام بیچ‘ پر واقع گھر ’مار اے لاگو‘ پر چھاپہ مار کر اسے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جس وقت چھاپہ مارا گیا، ٹرمپ گھر پر موجود نہیں تھے۔

دریں اثنا، ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایف بی آئی اہلکاروں نے تلاشی کے دوران ان کے گھر میں موجود ایک سیف الماری کو توڑا دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی نے یہ چھاپہ ان سرکاری کاغذات کی تلاش میں مارا ہے، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد انہیں فلوریڈا لے آئے تھے۔


ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یہ کارروائی ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب وہ 2024 میں ممکنہ طور پر تیسری مرتبہ امریکی صدارتی انتخاب لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ سی این این کے مطابق پیر کے روز چھاپے کی اطلاع کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ نیویارک شہر کے ٹرمپ ٹاور میں موجود تھے۔

ٹرمپ نے ایف بی آئی کی اس کارروائی پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’یہ ہمارے ملک کے لیے ایک تاریک وقت ہے۔ ایسا امریکی صدر کے ساتھ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کو تعاون کئے جانے کے باوجود اس طرح کے چھاپے مارے گئے۔ یہ انصاف کے نظام کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے مترادف ہے۔ یہ سخت گیر بائیں بازو کے ڈیموکریٹس کا حملہ ہے جو نہیں چاہتے کہ میں 2024 میں صدر کا انتخاب لڑوں۔‘‘


امریکہ کا محکمہ انصاف ان خفیہ دستاویزات کے سلسلہ میں تحقیقات کر رہا ہے، جنہیں ٹرمپ وائٹ ہاؤس سے ہٹا کر فلوریڈا اسٹیٹ لے لے گئے تھے اور جنہیں نیشنل آرکائیوز اینڈ ریکارڈز ایڈمنسٹریشن کے ذریعہ اس سال کے اوائل میں حاصل کر لیا گیا تھا۔ ٹرمپ نے ماضی میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ انہوں نے نیشنل آرکائیوز کو کچھ ریکارڈ واپس کرنے پر اتفاق کیا ہے، انہوں نے اسے ایک عام اور معمول کا عمل قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ ٹرمپ کو متعدد قانونی کارروائیوں کا سامنا ہے اور ان میں سے زیادہ تر کا تعلق ان کی وائٹ ہاؤس کی مدت کار سے ہے۔ ان میں گمشدہ قومی ریکارڈ، یو ایس کیپٹل ہنگامہ آراائی، وائر فراڈ اور جارجیا کے انتخابات میں گڑبڑی کرنا شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Aug 2022, 8:44 AM