فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو 3 سال جیل کی سزا، لیکن...
سرکوزی کے خلاف کوئی گرفتاری وارنٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ سرکوزی گھر پر حراست میں رہنے کی گزارش کر سکیں گے اور انھیں الیکٹرانک پٹی پہننی ہوگی۔
بدعنوانی کے ایک معاملے میں فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پیرس کی ایک عدالت نے پیر کے روز سرکوزی کو اپنے دفتر میں ایک جج کو غیر قانونی طور سے متاثر کرنے کے معاملے میں قصوروار پایا۔ اس کے لیے سابق فرانسیسی صدر کو تین سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، لیکن اس میں دو سال کی سزا ملتوی (سسپینڈیڈ) رہے گی۔ گویا کہ سرکوزی دو سال کے لیے جسمانی طور پر جیل سے بچے رہیں گے۔ ایسے حالات میں ان کے جیل جانے کے امکانات کم ہیں۔ سرکوزی نے اس معاملے میں خود کو بے قصور بتایا ہے اور وہ اوپری عدالت میں اپیل کر سکتے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ سرکوزی کے خلاف کوئی گرفتاری وارنٹ بھی جاری نہیں کیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ سرکوزی گھر پر حراست میں رہنے کی گزارش کر سکیں گے اور انھیں الیکٹرانک پٹی پہننی ہوگی۔
بہر حال، عدالتی کا یہ فیصلہ 66 سالہ نکولس سرکوزی کے سیاسی کیریر کے لیے ایک بڑا جھٹکا ہے۔ سرکوزی نے 2007 سے 2012 تک فرانس پر حکمرانی کی۔ قابل ذکر ہے کہ سرکوزی 2012 میں صدارتی انتخاب کے دوران ناجائز دولت کے استعمال کے الزام میں مزید ایک مقدمے کا سامنا کریں گے، جس میں 13 دیگر لوگ بھی ملزم ہیں۔
سرکوزی کے خلاف فریق استغاثہ نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے جج کو ملازمت کی پیشکش کی تھی۔ اس کے بدلے میں سرکوزی نے ناجائز پیسے لینے کے معاملے کے ملزم کی جانچ کے بارے میں جج سے خفیہ جانکاری مانگی۔ سابق صدر پر 2007 میں انتخابی تشہیر کے لیے ناجائز پیسے لینے کا الزام تھا۔ سماعت کے دوران فریق استغاثہ کے وکیلوں نے دعویٰ کیا تھا کہ لیبیا کے سابق تاناشاہ قذافی نے سرکوزی کو نوٹوں سے بھرا بیگ دیا اور یہ بات اس وقت سامنے آئی جب سرکوزی اور ان کے وکیل تھیری ہرجاگ کے درمیان ہوئی بات چیت کو ٹیپ کر سنا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔