امریکہ میں مسلح احتجاجی مظاہرہ کا اندیشہ، 50 ریاستوں کو الرٹ جاری

ایف بی آئی نے ایک بلیٹن میں بتایا ہے کہ 20 جنوری سے قبل اور کچھ دن بعد تک آپ سبھی ہائی الرٹ پر رہیں کیونکہ سخت گیر افراد تشدد پھیلا سکتے ہیں۔

تصویر گیٹی ایمج
تصویر گیٹی ایمج
user

ونے کمار

امریکہ میں فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے کیپٹل تشدد کے بعد سبھی 50 ریاستوں کے پولس سربراہان کو ایک بلیٹن جاری کیا ہے۔ اس بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ 20 جنوری کو پریسیڈنٹ الیکٹ (نومنتخب صدر) جو بائڈن کی حلف برداری تقریب کے دوران بڑے پیمانے پر تشدد کا خطرہ ہے۔

ایف بی آئی بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ 20 جنوری سے پہلے اور کچھ دن بعد تک آپ سبھی ہائی الرٹ پر رہیں کیونکہ سخت گیر افراد تشدد پھیلا سکتے ہیں۔ کچھ دن قبل سی این این نے جانچ ایجنسی کے حوالے سے اسی طرح کے الرٹ کی رپورٹ دی تھی۔ بعد میں ہوم لینڈ سیکوریٹی ڈپارٹمنٹ نے اس کی تصدیق سے انکار کر دیا تھا۔ اب ایف بی آئی نے خود بلیٹن جاری کر کے ظاہر کیا ہے کہ خطرہ کتنا بڑا ہے۔


ایف بی آئی ذرائع کے حوالے سے سی این این نے خبر دی ہے کہ خطرہ ان ریاستوں میں بہت زیادہ ہے جہاں ریپبلکن پارٹی کی حکومتیں اور گورنر ہیں۔ حالانکہ امریکہ میں سیاسی تشدد کے واقعات بے حد کم، یا نہ کے برابر ہوتے ہیں، لیکن ایسے کئی مواقع آئے ہیں جب احتجاجی مظاہرہ کے دوران پولس اور مظاہرین متصادم ہوئے ہیں۔ غور طلب ہے کہ گزشتہ جمعرات کو بھی کیپٹل ہل میں کچھ ایسا ہی ہوا تھا۔ اس تشدد واقعہ کی ایف بی آئی ہی جانچ کر رہی ہے اور اب تک 33 لوگوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Jan 2021, 4:11 PM