سری لنکا میں ایمرجنسی: نیشنل ٹی وی پر نشریات بند، امریکی سفارت خانہ کی خدمات دو روز کے لئے معطل

مظاہرین نے سری لنکا کے سرکاری ٹی وی پر دھاوا بول دیا اور کچھ مظاہرین باقاعدہ قوم سے خطاب کرنے لگے، جس کے بعد سرکاری ٹی وی سے ہونے والی نشریات کو بند کر دیا گیا۔

سری لنکا میں حتجاج / Getty Images
سری لنکا میں حتجاج / Getty Images
user

قومی آواز بیورو

کولمبو: سری لنکا میں ہنگامی صورت حال کا اعلان کئے جانے کے بعد مشتعل مظاہرین نے وزر اعظم کے دفتر کا محاصرہ کر لیا۔ پولیس مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے داغ رہی ہے لیکن وہ بے قابو ہو گئے ہیں۔ اطلاع ہے کہ کچھ مظاہرین وزیر اعظم کے دفتر میں داخل ہو گئے ہیں۔ ادھر، سینکڑوں مظاہرین نے سری لنکا کے سرکاری ٹی وی پر دھاوا بول دیا اور کچھ مظاہرین باقاعدہ قوم سے خطاب کرنے لگے، جس کے بعد سرکاری ٹی وی سے ہونے والی نشریات کو بند کر دیا گیا۔ دریں اثنا، مغربی صوبہ میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ منگل کو دیر رات گئے سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پکشے مالدیپ کے لئے فرار ہو گئے، جس کی اطلاع موصول ہونے کے ساتھ ہی عوام کا غصہ ساتویں آسمان پر جا پہنچا اور ملک بھر میں مظاہرے پھوٹ پڑے۔ بعد ازاں، سری لنکن پارلیمنٹ کے اسپیکر مہندا یاپا آبے وردنا نے اعلان کیا کہ سری لنکا کے وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے کو کارگزار صدر مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوٹابایا آج ہی اپنا استعفی پیش کر دیں گے اور نئے صدر کا انتخاب 20 اگست کو ہوگا۔


مظاہرین رانیل وکرماسنگھے کے بھی استعفی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تاہم وکرما سنگھے کل جماعتی اجلاس کے دوران پہلے ہی اپنے استعفی کی پیشکش کر چکے ہیں۔ حالات کے پیش نظر امریکی سفارت خانہ نے احتیاط کے طور پر اپنی خدمات کو دو دنوں کے لئے معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر گوٹابایا راجاپکشے نے وعد کیا تھا کہ وہ 13 جولائی کو استعفی دیں گے لیکن گرفتاری کے خدشہ کے پیش نظر استعفی سے قبل ہی وہ ملک سے فرار ہو گئے۔ اس سے قبل سری لنکا میں 6 مئی کو تاریخ کے بدترین معاشی بحران اور حکومت مخالفت مظاہروں کے پیش نظر دو ہفتوں تک ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا تھا لیکن بعد میں حکومت نے حالات میں بہتری دیکھ کر 21 مئی کو ایمرجنسی کو ختم کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔