ایلون مسک نے ٹوئٹر کی ’چڑیا‘ اڑا دی، ’کتے‘ کو بنا دیا نیا لوگو!
ٹوئٹر کے سی ای او نے نیا فیصلہ کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کا لوگو ہی تبدیل کر دیا ہے۔ اب ٹوئٹر کے صفحہ پر صارفین کو نیلی چڑیا کی جگہ ’ڈوج‘ یعنی کتے کی تصویر نظر آ رہی ہے
نئی دہلی: اپنے حیران کن فیصلوں کے لیے مشہور ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی تاریخ کی سب سے بڑی تبدیلی کر دی ہے۔ اس بار ایلون مسک نے ٹویٹر کی ’چڑیا‘ کو اڑا کر صارفین کو ایک بڑے سرپرائز میں ڈال دیا۔ ٹوئٹر کے صفحہ پر جانے کے بعد لوگوں کو چڑیا کے بجائے ’ڈوج‘ یعنی کتے کی تصویر نظر آ رہی ہے۔
تاہم یہ تبدیلی فی الحال ٹوئٹر کے ویب پیج پر کی گئی ہے اور صارفین کو فی الحال ٹوئٹر موبائل ایپ پر نیلی چڑیا ہی نظر آ رہی ہے۔ ٹوئٹر کے ہوم بٹن کے طور پر نظر آنے والے نیلے رنگ کے پرندے کے بجائے اب صارفین ڈوج کی تصویر دیکھ رہے ہیں اور یہ تبدیلی چند گھنٹے پہلے ہی واقع ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ جب صفحہ کو ری فریش کیا جاتا ہے، تو انظار کے لمحہ میں بھی ڈوج کی ہی تصویر نظر آتی ہے۔
اس تبدیلی کے بعد ایلون مسک نے بھی ایک مذاق والی پوسٹ کی ہے اور اپنے اکاؤنٹ پر ڈوج میم کو شیئر کرتے ہوئے ایک مذاق والا ٹوئٹ بھی کیا۔ اس میں ایک پولیس افسر جو ڈرائیونگ لائسنس چیک کر رہا ہے، اس کے ہاتھ میں ٹویٹر کی بلیو برڈ والی تصویر ہے اور کار میں بیٹھا ڈوج کہہ رہا ہے 'یہ میری پرانی تصویر ہے!'
ایلون مسک نے اپنے اکاونٹ پر ایک پرانی پوسٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں وہ کسی نامعلوم صارف سے بات کر رہے ہیں۔ اس میں مسک سے ٹوئٹر کے برڈ لوگو کو بدل کر ڈوج کی تصویر لگانے کو کہا جا ت ہا تھا۔ اب اپنے حالیہ ٹوئٹ میں اس پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے ایلون مسک نے لکھا، ’جیسا کہ وعدہ کیا تھا!‘
خیال رہے کہ ڈوج (Dodge) امیج شیبو اینو اور ڈوج کوئن بلاک چین اور کریپٹو کرنسی کی علامت اور لوگو ہے۔ اسے 2013 میں دیگر کریپٹو کرنسیوں کے سامنے مذاق کے طور پر لانچ کیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔