ترکیے میں 24 گھنٹوں میں چوتھی بار لرزی زمین، اب تک 4 ہزار سے زائد اموات، 'ہلاکتوں کی تعداد 8 گنا زیادہ ہو سکتی ہے'
عالمی ادارہ صحت کے مطابق تباہی کے درمیان اموات کی یہ تعداد آٹھ گنا زیادہ ہو سکتی ہے، سردی کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے
انقرہ: ترکیے میں آج پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں اور 24 گھنٹوں میں زمین چوتھی بار لرز اٹھی۔ زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترکیے میں پیر کو 7.8، 7.6 اور 6.0 کی شدت کے مسلسل تین طاقتور زلزلے آئے۔ وہیں، شام، اسرائیل اور لبنان میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ترکیے اور شام میں زلزلے نے بڑی تباہی مچائی ہے۔ اب تک 4300 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ 20 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ عمارتوں کے ملبے تلے متعدد افراد دبے ہوئے ہیں، جنہیں نکالنے کا کام جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اسرائیل اور لبنان بھی زلزلے سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ 10 شہروں میں 1700 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اسی دوران صرف شام میں کم از کم 783 افراد ہلاک اور 639 زخمی ہوئے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق تباہی کے درمیان اموات کی یہ تعداد آٹھ گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔ زخمیوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوگا۔ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ زلزلوں کے واقعات میں دیکھا جاتا ہے کہ شروع میں مرنے اور زخمی ہونے والوں کی تعداد وقت کے ساتھ تیزی سے بڑھتی ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے ان لوگوں کے لیے بھی انتباہ جاری کیا جو زلزلے کی وجہ سے بے گھر ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سردی کی وجہ سے ایسے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔