دوبئی کی ایک عمارت میں گیس رساؤ سے دھماکہ، ہند نژاد شخص کی موت، کئی افراد زخمی

دھماکہ کے بعد دوبئی واقع ہندوستانی قونصلیٹ جنرل نے کہا کہ ہم متاثرہ فیملی اور مقامی افسروں کے رابطہ میں ہیں۔ ہم فیملی کے تئیں اپنی گہری ہمدردی ظاہر کرتے ہیں اور ان کی ہر طرح سے مدد کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دوبئی میں ایک اپارٹمنٹ کی عمارت میں ہوئے گیس پائپ دھماکہ کے بعد 47 سالہ ہندوستانی شہری کی موت واقع ہو گئی۔ افسران نے پیر کو اس بات کی جانکاری دی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق منخول واقع الغریر بلڈنگ اپارٹمنٹ کی آٹھویں منزل پر دھماکہ اس وقت ہوا جب ایک میکنک گیس رساؤ کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

دوبئی پولس نے ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رسوئی گیس رساؤ کے سبب ہوئے دھماکہ کی وجہ سے ایک شخص کی موت ہو گئی اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔ دوبئی پولس نے ٹوئٹ کر کہا کہ ’’پولس موقع پر پہنچ گئی ہے، سبھی زخمی ایشیائی شہریوں کو راشد اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔‘‘

مہلوک کی بیوی نے خلیج ٹائمز سے کہا کہ ’’دھماکہ ہمارے گھر کے پاس ہی میں اس وقت ہوا جب میں اپنی چھوٹی بیٹی کے ساتھ بیٹھی تھی اور میرے شوہر میری بڑی بیٹی کو ٹیوشن کلاسز سے واپس لے کر آ رہے تھے۔‘‘ انھوں نے آگے کہا ’’قریب کے اپارٹمنٹ میں اچانک دھماکہ ہوا۔ اس کا اثر ہمارے اپارٹمنٹ پر بھی ہوا۔ چھت گر گئی، چاروں طرف ملبہ تھا۔‘‘

مہلوک کی بیوی نے اپنی بات میڈیا کے سامنے رکھتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ ’’میرے شوہر پر ایک بڑا دروازہ گر گیا۔ دھماکہ کی وجہ سے انھیں کئی چوٹیں آئیں اور میری بڑی بیٹی کے پیر میں بھی چوٹیں آئیں۔‘‘ بتایا جاتا ہے کہ مہلوک لکھنؤ کا باشندہ ہے اور اب اس کی فیملی چاہتی ہے کہ جسد خاکی جلد از جلد مل جائے تاکہ وہ ہندوستان روانہ ہو سکیں۔

حادثہ کے بعد دوبئی واقع ہندوستانی قونصلیٹ جنرل نے ایک ٹوئٹ کیا، جس میں اس نے لکھا ہے کہ ’’ہم متاثرہ فیملی اور مقامی افسروں کےساتھ رابطہ میں ہیں۔ ہم مہلوک کی فیملی کے تئیں اپنی گہری ہمدردی ظاہر کرتے ہیں اور انھیں یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہم ہر طرح سے ان کی مدد کریں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔