ایلون مسک اور ویویک راماسوامی کو ٹرمپ حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کی ذمہ داری

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک اور ویویک راماسوامی کو نئے محکمہ ’ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی‘ (DoGE) کا سربراہ مقرر کیا ہے، جو حکومتی بیوروکریسی کو مؤثر بنانے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے گا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ سال 20 جنوری کو امریکہ کے صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے سے قبل اپنی ٹیم تشکیل دینا شروع کر دی ہے اور کئی اہم عہدوں پر تقرریاں کر دی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ایلون مسک اور امریکی کاروباری شخصیت ویویک راماسوامی کو ’ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی‘ (DoGE) کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد امریکی حکومت میں بیوروکریسی کو کم کرنے، غیر ضروری اخراجات میں کمی لانے اور وفاقی ایجنسیوں کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ایلون مسک کو ’عظیم‘ اور ویویک راماسوامی کو ’امریکی محب وطن‘ قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں افراد ان کی حکومت میں اصلاحات لانے اور غیر ضروری ضوابط کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ یہ محکمہ ’سیو امریکہ‘ مہم کے لیے بھی ضروری ہے اور اس کا مقصد حکومتی کارکردگی کو عوام کے حق میں بہتر بنانا ہے۔


ٹرمپ نے کہا کہ یہ ممکنہ طور پر ہمارے وقت کا ’مین ہیٹن پروجیکٹ‘ بن سکتا ہے، جس کا مقصد حکومتی ڈھانچے کو زیادہ مؤثر اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت، حکومت سے باہر سے ماہرین کی مشاورت لی جائے گی اور وائٹ ہاؤس اور آفس آف مینجمنٹ اینڈ بجٹ کے ساتھ شراکت داری میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی جائیں گی۔

ایلون مسک نے کابینہ میں شامل کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے حکومتی نظام میں موجود خرابیوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، ’یہ پیغام حکومت میں غیر ضروری اخراجات کرنے والوں تک پہنچ جائے گا۔‘

ویویک راماسوامی نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "ہم اس ذمہ داری کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔" انہوں نے کہا کہ DoGE کا مقصد حکومتی نظام میں بنیادی تبدیلیاں لانا ہے اور وہ اس موقع کو خوش دلی سے قبول کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ٹرمپ نے مائیک والٹز کو اپنا قومی سلامتی مشیر مقرر کیا تھا۔ والٹز امریکی سینٹ میں انڈیا کاکس کے سربراہ ہیں اور امریکی دفاعی حکمت عملی کے بھرپور حامی ہیں۔ ٹرمپ نے امیگریشن اور کسٹم انفورسمنٹ کے سابق سربراہ ٹام ہومین کو بارڈر زار مقرر کیا ہے، جو شمالی اور جنوبی سرحدوں کی حفاظت اور غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام پر توجہ دیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔