امریکہ میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ کے عہدیدار کی موت، تحقیقات شروع

امریکہ میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ کے ایک سفارت کار کو مردہ حالت میں پایا گیا۔ سفارت خانہ کی جانب سے جمعہ کو بیان جاری کر کے بتایا گیا کہ یہ واقعہ واشنگٹن ڈی سی میں پیش آیا

<div class="paragraphs"><p>موت علامتی تصویر/ سوشل میڈیا</p></div>

موت علامتی تصویر/ سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: امریکہ میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ کے ایک سفارت کار کو مردہ حالت میں پایا گیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سفارت خانہ کی جانب سے جمعہ کو بیان جاری کر کے بتایا گیا کہ یہ واقعہ واشنگٹن ڈی سی میں پیش آیا ہے۔ سفارت کار کی شناخت کے حوالے سے تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ دو روز قبل بدھ کو پیش آیا تھا اور مقامی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں اور سیکریٹ سروسز دونوں اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ ابتدائی طور پر کسی بھی قسم کی مشتبہ صورتحال کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے، لیکن مزید تفصیلات حاصل کرنے کے لیے مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔


سفارت خانہ کے ترجمان نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ خاندان کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور اس دکھ کی گھڑی میں ان کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانے کے دیگر عملے کی حمایت کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

ہندوستانی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا، "ہم گہرے افسوس کے ساتھ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ہندوستانی سفارت خانے کے ایک رکن کا 18 ستمبر 2024 کی شام کو انتقال ہو گیا۔ ہم تمام متعلقہ ایجنسیوں اور خاندان کے ممبران سے رابطے میں ہیں تاکہ میت کی فوری منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔‘‘


بیان میں مزید کہا گیا، ’’متوفی سے متعلق اضافی تفصیلات خاندان کی رازداری کی وجہ سے جاری نہیں کی جا رہی ہیں۔ ہماری تعزیت اور دعائیں غم کی اس گھڑی میں خاندان کے ساتھ ہیں۔‘‘ تاہم، اس مرحلے پر کسی حتمی نتیجہ پر نہیں پہنچا جا سکا، کیونکہ تحقیقات جاری ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔