’ایران کے میزائل نظام پر امریکی سائبر حملہ‘

اطلاعات ہیں کہ امریکا نے ڈرون طیارے کی تباہی کے بعد ایرانی حکومت پر سائبر حملہ کیا ہے۔ سائبر سیکورٹی کی کمپنیوں کے مطابق ایران کی جانب سے بھی امریکی اداروں اور کمپینوں پر سائبر حملے بڑھ گئے ہیں۔

'ایران پر امریکی سائبر حملہ‘
'ایران پر امریکی سائبر حملہ‘
user

ڈی. ڈبلیو

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا نے ایران کے میزائل نظام اور خفیہ ایجنسیوں کے نیٹ ورک کے خلاف اس ہفتے سائبر حملے کیے ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ صدر ڈونلد ٹرمپ نے سائبر کمانڈ کے ملکی ادارے کو جمعرات کے روز ان ڈیجیٹل حملوں کے احکامات دیئے تھے۔

اس اخبار نے امریکی حکومتی نمائندوں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اس دوران ان کمپیوٹرز کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی، جو ایران کے راکٹ اور میزائل نظام کو کنٹرول کرتے ہیں۔ یہ سائبر کارروائی صدر ٹرمپ کے ایران پر فضائی حملوں کا فیصلہ واپس لیے جانے کے بعد کی گئی۔


خلیج ہرمز کے علاقے میں ایک امریکی ڈرون گلوبل ہاک کے مار گرائے جانے کے بعد امریکی صدر نے مبینہ طور پر ایران کے خلاف 'جوابی حملوں‘ کا یہ حکم دے تو دیا تھا لیکن پھر امریکی کانگریس کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد انہوں نے فوری طور پر یہ حکم منسوخ بھی کر دیا۔

واشنگٹن کا کہنا ہے کہ ڈرون کو بین الاقوامی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ تہران کا موقف ہے کہ ڈرون نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔


ٹرمپ نے ہفتے کے روز کہا کہ جب انہیں علم ہوا کہ روایتی فوجی حملے میں تقریباً ڈیڑھ سو عام شہری ہلاک ہو سکتے ہیں تو انہوں نے ایران پر حملہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم امریکا اگلے ہفتے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے والا ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکی حملے کے بعد ایران کی جانب سے بھی کوئی نہ کوئی رد عمل سامنے آتا اور اس طرح مشرق وسطی کا پورا خطہ آگ کی لپیٹ میں آ سکتا تھا۔

یاہو نیوز نے پہلے خبر دی تھی کہ امریکی سائبر کمانڈ نے ایران کے اس خفیہ گروپ کو بھی نشانہ بنایا، جو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی آمد و رفت کی نگرانی کرتا ہے۔


قومی سلامتی کے امریکی ادارے کے مطابق حالیہ دنوں میں ایران کی جانب سے امریکی سرکاری اداروں پر کیے جانے والے ڈیجیٹل حملوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا ان میں سے کوئی وار کامیاب بھی رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔