بنگلہ دیش میں ہر ایک کو کورونا کے ٹیکے مفت لگائے جائیں گے: شیخ حسینہ

وزیر اعظم شیخ حسینہ نے کہا کہ ہم کورونا انفیکشن کی روک تھام کے لئے کوشاں ہیں تاکہ لوگوں کی جانیں اور ملازمتیں بچ سکیں اور ملک میں سوشل اور معاشی سرگرمیاں جاری رہیں۔

شیخ حسینہ ، تصویر آئی اے این ایس
شیخ حسینہ ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے کہا ہے کہ ملک میں جاری کورونا ویکسینیشن مہم کے دائرہ کار کو آہستہ آہستہ بڑھایا جائے گا اور تمام لوگوں کو ویکسین مفت فراہم کی جائے گی۔ شیخ حسینہ نے اتوار کو وزارتوں کی جانب سے سالانہ کارکردگی معاہدوں پر دستخط کرنے کے بعد کہا کہ حکومت تمام شہریوں کے لئے مفت ٹیکہ سازی مہم پر کام کر رہی ہے۔

یو این بی نے اطلاع دی ہے کہ شیخ حسینہ نے تمام شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کی ترجیحی طور پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "ہم نے اس سمت میں بہت ساری کوششیں کی ہیں تاکہ ہر ایک کو ویکسینیشن کے ذریعے کور کیا جا سکے اور اسی وجہ سے ہم نے یہ پروگرام شروع کیا ہے۔ ملک میں ویکسینوں کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی اور وہ شہریوں کی ضرورت کے مطابق باہر سے بھی منگوائی جائیں گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں کوئی بھی شہری ٹیکہ لگانے سے چھوٹ نہ جائے۔ اس وقت کورونا وائرس انفیکشن عالمی مسئلہ ہے اور ہم اس جنگ کو تنہا نہیں جیت پائیں گے اور تمام ممالک کے تعاون سے اس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔


وزیر اعظم نے کہا کہ ہم کورونا انفیکشن کی روک تھام کے لئے کوشاں ہیں تاکہ لوگوں کی جانیں اور ملازمتیں بچ سکیں اور ملک میں سوشل اور معاشی سرگرمیاں جاری رہیں۔ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس کے پیش نظر حکومت لوگوں کو مفت کھانا اور طبی خدمات فراہم کر رہی ہے تاکہ انہیں اس وبائی بیماری کی وجہ سے کسی قسم کی مالی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔