کووڈ اسٹرین: یورپی یونین ممالک نے کی برطانیہ سے آمد و رفت معطل
اٹلی کے وزیر صحت روبرٹو اسپرینزا نے کہا ’’گزشتہ 14 دنوں میں برطانیہ کا سفر کرنے والوں کے لئے ملک میں داخلہ پر پابندی کے حکم نامے پر میں نے دستخط کیے ہیں‘‘۔
ماسکو: یوروپی یونین ممالک نے برطانیہ میں وائرس اسٹرین (نئی قسم) کے خطروں کو دیکھتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا ہے۔ کورونا وائرس کی نئی لہر کے خطرے کی وجہ سے برطانیہ نے بھی اپنی سرحدیں بند کردی ہیں۔ پورے ملک میں کورونا وائرس کی نئی قسم پھیلنے کے بعد ہفتہ کے روز سے برطانیہ حکومت نے لندن سمیت ملک کے بہت سارے حصوں میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔ وائرس کی اس نئی لہرسے کووڈ 19 کی وبا پھیل گئی ہے اور یہ 70 فیصد زیادہ متعدی ہوسکتا ہے۔ کووڈ- 19‘ سے بری طرح متاثر اٹلی نے انگلینڈ کے کووڈ اسٹرین کو نوٹس لیتے ہوئے برطانیہ کے تمام ہوائی اڈوں سے آمد کو معطل کر دیا ہے اور گزشتہ دو ہفتوں میں برطانیہ میں سفر کرنے والے افراد کے لئے ملک میں داخلہ پر پابندی عائد کردی ہے۔
اٹلی کے وزیر صحت روبرٹو اسپرینزا نے کہا ’’گزشتہ 14 دنوں میں برطانیہ کا سفر کرنے والوں کے لئے ملک میں داخلہ پر پابندی کے حکم نامے پر میں نے دستخط کیے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پہلے ہی برطانیہ سے اٹلی آئے ہیں، انھیں کووڈ ٹسٹ کرانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی پابندیاں 6 جنوری تک نافذ العمل رہیں گی۔ ایسٹونیا کے وزیر اعظم جوری رتاس نے اس سال کے آخر تک برطانیہ سے ہوائی ٹریفک معطل کرنے کا اعلان کیا۔
سرکاری ویب سائٹ پر جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق ’’حکومت نے مستقل طور پر مستعد ہونے کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہوئے برطانوی شہریوں اور دیگر ممالک کے ساتھ ہوائی ٹریفک عارضی طور پر معطل کردی ہے‘‘۔ یہ فیصلہ ہمارے لوگوں کی صحت کی حفاظت کے لئے کیا گیا ہے۔ لوگوں سے بیرون ملک سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اتوارکے روز فنش انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ ویلفیئر (ٹی ایچ ایل) نے فن لینڈ اور برطانیہ کے مابین سفر معطل کرنے کی سفارش کے بعد پیر سے برطانیہ سے ہوائی ٹریفک دو ہفتوں کے لئے معطل کردیا ہے۔
قبرص (سائپرس) نے کہا کہ برطانیہ سے آنے والے نئے قرنطین اقدامات کے تحت جو لوگ کورونا ٹسٹ میں منفی پائے جاتے ہیں، کو 10 سے 14 دن تک آئسولیشن میں رہنا پڑے گا۔ اسپین نے ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر مسافروں کی نگرانی میں اضافہ کر دیا ہے۔ اسپین نے آنے والے سبھی لوگوں کو 72 گھنٹے قبل کورونا نگیٹو رپورٹ دکھانا لازمی کر دیا ہے۔ میڈیا کے حوالہ سے سویڈن کے وزیر داخلہ میکا ڈمبرگ نے بتایا ہے کہ پیر کو برطانیہ آمد پر سرکاری پابندیوں کا اعلان متوقع ہے۔ لیتھوانیہ نے بھی برطانیہ سے آنے والی تمام مسافر پروازوں کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔
آئرلینڈ میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ آئرلینڈ نے اپنی سمندری، ہوائی اور شاہراہوں کو برطانیہ سے متصل سرحد کو 48 گھنٹوں کے لئے بند کردیا ہے۔ بلغاریہ کے قومی ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ بلغاریہ نے پیر سے آدھی رات سے 31 جنوری تک برطانیہ کے ساتھ ہوائی ٹریفک معطل کر دی ہے۔ ہالینڈ نے یکم جنوری تک کے لئے اتوار کے روز سے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ اسرائیل نے برطانیہ، ڈنمارک اور جنوبی افریقہ کے ساتھ سبھی آمد رفت پر غیر معینہ مدت کے لئے پابندی عائد کردی ہے۔
ال سلواڈور نے گزشتہ 30 دنوں میں برطانیہ اور جنوبی افریقہ سے آنے والے لوگوں کے لئے فوری طورپر ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ جرمنی نے بھی گزشتہ 30 دنوں کے دوران پیر کی آدھی رات سے ملک میں برطانیہ اور جنوبی افریقہ جانے والوں کے ملک میں داخلہ پر پابندی عائد کردی ہے۔ فرانس نے برطانیہ کے ساتھ اپنی تمام سرحدیں 48 گھنٹوں کے لئے بند کردی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔