بیروت دھماکوں سے متاثر 60 تاریخی عمارتوں کے منہدم ہونے کا خطرہ

یونیسکو نے متنبہ کیا ہے کہ اگست کے اوائل میں بیروت میں ہوئے دھماکے سے عالمی تاریخی ورثے میں شامل 640 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور ان میں سے 60 کے منہدہم ہونے کا خطرہ ہے

بیروت بلاسٹ: 60 تاریخی عمارتوں کے منہدم ہونے کا خطرہ
بیروت بلاسٹ: 60 تاریخی عمارتوں کے منہدم ہونے کا خطرہ
user

قومی آواز بیورو

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس و ثقافت (یونیسکو) نے جمعرات کے روز متنبہ کیا ہے کہ اگست کے اوائل میں بیروت میں ہوئے دھماکے سے عالمی تاریخی ورثے میں شامل 640 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور ان میں سے 60 کے منہدہم ہونے کا خطرہ ہے۔ تنظیم نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس نے یہ اعداد و شمار لبنان کی وزارت ثقافت کے نوادرات کے ڈائریکٹر جنرل سرکیس خوری کے ایک جائزہ سے حاصل کیے ہیں۔

خوری نے کہا کہ بیروت دھماکوں میں کم سے کم آٹھ ہزار عمارات کو نقصان پہنچا تھا۔ ان میں سے بیشتر پرانی کالونیوں جیمیزہ اور مار میخائل میں واقع ہیں۔ انہوں نے متاثرہ تاریخی عمارتوں کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا اور کہا بروقت ان عمارتوں کی مرمت نہ کی گئی تو موسم خزاں کی بارشیں ان کے منہدم ہونے کا باعث بن سکتی ہیں۔


بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دھماکے سے متعدد عجائب گھروں جن میں نیشنل میوزیم ، سرسق میوزیم ، امریکن یونیورسٹی آف بیروت میوزیم ، اور ثقافتی اور مذہبی مقامات اور گیلریوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

'یونیسکو' نے اعلان کیا ہے کہ وہ بیروت کے متاثرہ تاریخی ورثہ کی تعمیر نو کے لیے وہ بین الاقوامی تحریک کی قیادت کرے گا۔ یونیسکو کا کہنا ہے کہ وہ بیروت دھماکوں سے متاثرہ مقامات کی بحالی کے لیے لبنان اور بیرون ملک ثقافتی تنظیموں اور ماہرین کی مدد لے رہی ہے۔


خیال رہے کہ چار اگست کی شام کو بیروت بندرگاہ پرہونے والے دھماکوں میں اب تک 171 افراد ہلاک اور 6500 زخمی ہو چکے ہیں۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں لبنانی معیشت کو 10 سے15 ارب ڈالر کے درمیان نقصان پہنچا ہے۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Aug 2020, 1:29 PM